بلوچستان ہائی کورٹ نے حب ضلع کے قیام کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت منگل تک ملتوی کردی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان ہائی کورٹ نے حب ضلع کے قیام کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت منگل تک ملتوی کردی۔ جمعہ کو بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس اقبال کاسی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے حب ضلع کے قیام کے خلاف دائر سابق ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین قادر بخش جاموٹ اور مختلف وکلاء کی جانب سے درخواستوں پر سماعت کی۔ سماعت میں درخواست گزار کے وکلاء، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے درخواست کی پیروی کی۔ دوران سماعت عدالت نے احکامات دیئے کہ کیس میں جو فریق بننا چاہتے ہیں وہ اپنی درخواستیں جمع کرائیں جس کے بعد فریقین نے درخواستیں عدالت میں جمع کروانے کا سلسلہ شروع کر دیا۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیس کا فیصلہ بلدیاتی اور عام انتخابات سے پہلے کرنا چاہتے ہیں۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں جواب جمع کروانے کے لئے مہلت دی جائے جس پر عدالت نے انہیں منگل تک جواب جمع کروانے کی مہلت دی۔ سماعت میں سابق وزیر اعلی جام کمال خان نے بطور علاقے کے منتخب نمائندے کے عدالت میں پیش ہونے کی اجازت طلب کی جس پر عدالت نے انہیں کیس میں فریق بننے کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 11 اکتوبر منگل تک ملتوی کر دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے