بلوچستان کے تمام اضلاع میں حتمی انتخابی فہرستیں شائع کر دی گئی ہیں،فیاض حسین مراد
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان فیاض حسین مراد نے کہا ہے کہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں "حتمی انتخابی فہرستیں ” شائع کر دی گئی ہیں جس کے مطابق بلوچستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 50 لاکھ 90 ہزار 857 ہو گئی ہے۔ جن میں خواتین ووٹرز کی تعداد 22 لاکھ 12 ہزار 825 جبکہ مرد ووٹرز کی تعداد 28 لاکھ 78 ہزار 32 ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ 8300 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیج کر ووٹ کی تصدیق کریں اور اگر وہ اپنے ووٹ کی تصحیح کروانا چاہتے ہوں، یا ووٹ کی تبدیلی، اندراج یا پھر حذف کروانا چاہتے ہوں تو فوری طور پر اپنے ضلع کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے دفتر یا پھر قریبی "سہولت مراکز ” سے متعلقہ فارم حاصل کر کے اسے پر کرنے کے بعد وہیں جمع کروائیں۔ عوام کی سہولت کیلئے صوبہ بھر میں 261 سہولت مراکز کے علاوہ ہر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے دفتر میں وون ونڈو سینٹرز بھی قائم کردیئے گئے ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے مزید کہا کہ انتخابی شیڈول آنے سے قبل کسی بھی ووٹ کا اندراج، تصحیح یا منتقلی کروائی جا سکتی ہے۔