اُسوہ حسنہؐ کی پیروی میں د نیا و آخرت کی کامیابی ہے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ اُسوہ حسنہؐ کی پیروی میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے،ملک بھر میں عید میلاد النبیؐ کی تقریبات کاانعقاد کیا گیا ہے جن میں حکومت نے ہر ممکن سہولیات فراہم کی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے ایک تقریب میں کیا۔ انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضورؐ کی ذات سے وفاداری ہر مسلمان کا جذو ایمان ہے، اُسوہ حسنہ ؐ پر عمل کرنے سے مصائب و تکالیف ٹلتے ہیں اور ظلم و بد امنی سے نجات ملتی ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ ربیع الاول کا مبارک مہینہ آقائے دو جہاں حضرت محمدمصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات گرامی سے منسوب ہے جس میں عاشقان ِ رسول حضرت محمد مصطفیٰ ؐ سے اپنے عشق اور محبت کا اظہار اور اتباع رسول ؐ کا عہد کرتے ہیں۔ یہ مبارک مہینہ ُامت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور وحدت کا مہینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ ؐسے محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم آپؐ کی سیرت و کردار کو مشعل راہ بنائیں۔ انہوں نے کہ ہمارا ایمان ہے کہ رحمت اللعالمینؐ کی یاد اور احساس سے مومنوں کے ایمان کو تازگی ملتی ہے آج ہمارا معاشرہ جن حالات سے دو چار ہے اس میں ضروری ہے کہ نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ کو نمونہ و مشعل حیات بنایا جائے۔رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہ اسلم سے محبت اور ان کے خاتم النبین ہونے پر یقین ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مزید کہا کہ ہادیء برحق، فخر موجودات، آقائے دو جہاں، امید ِ انسانیت سے عقیدت وہ روشنی ہے جو ہمارے ایمان کو ہمیشہ منور رکھتی ہے۔ عہد ِ حاضر میں پاکستان وہ واحد ملک ہے جسے اللہ اور اس کے رسولؐ کا کلمہ بلند کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ تاریخ میں ایسی مثالیں بھی کم ہی ملتی ہیں کہ کسی قوم یا نسل نے ایک نظریے کے لیے اس بڑے پیمانے پر ہجرت کی ہو، اتنی جانوں کی قربانی دی ہو،اِس قدر مالی نقصان برداشت کیا ہو۔انہوں نے کہا کہ آج بھی پاکستان مسلم اْمہ میں اس لیے توجہ اور اہمیت کا مرکز بنا رہتا ہے کہ اس میں بسنے والے ہر چیز پر کمپرومائز کر لیتے ہیں لیکن جہاں حرمت ِ رسولؐ کا معاملہ ہو یہ کٹ مرنے پر تیار ہوتے ہیں۔ یہ ماہِ مقدس رحمتوں برکتوں کا مہینہ ہے کیونکہ اس میں رحمت اللعالمینؐ دنیا میں تشریف لائے۔ اللہ تعالیٰ خود فرماتا ہے کہ اے نبی(صلی اللہ علیہ وآلہ اسلم) ہم نے آپؐ کو جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ اُسوہء رسول ؐپر چلنے ہی میں ہماری نجات ہے۔جذبات کا اظہار کرنا احسن ہے لیکن جب تک عمل شہادت نہ دے ہماری تقدیر نہیں بدل سکتی اور یہی ربیع الاوّل کا پیغام ہے۔ہمیں چاہئے کہ ایک سچے مسلمان ہونے کے ناطے حضوراکرم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کی زندگی اور سنت پر عمل پیرا ہو کردنیا میں امن پسند اور انسانیت سے محبت کرنے والے مذہب اسلام کا پیغام پہنچائیں اور دنیا کو یہ باور کرائیں کہ اسلام میں نفرت اور تشدد کی کوئی گنجائش نہیں بلکہ اسلام امن و بھائی چارہ اور محبت کا درس دیتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے