14 کروڑ پاؤنڈز کی منتقلی؛عمران کابینہ کے 21 ارکان اور ملک ریاض کا بیٹا طلب

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)برطانیہ سے ملنے والے 14 کروڑ پاؤنڈز ملک ریاض کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کے حوالے سے سابق دور کے 21 وزرا اور ملک ریاض کے بیٹے کو نیب نے طلب کرلیا۔

برطانیہ سے ملنے والے 14 کروڑ پاؤنڈز کو عمران کابینہ نے ملک ریاض کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کی منظوری کیسے دے دی، نیب نے پوچھ گچھ کیلئے سابق دور حکومت کے 21 وزراء اور ملک ریاض کے بیٹے کو طلب کرلیا ہے۔

عمران کابینہ کے 21 ارکان اور ملک ریاض کے بیٹے کو طلبی کے نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں، جن کے تحت نیب میں سابق وزراء کی پیشیاں 11 سے 25 اکتوبر تک ہوں گی۔

نيب کی جانب سے پی ٹی آئی کابینہ ارکان کو جاری کردہ طلبی نوٹسزکے مطابق سابق وزير دفاع پرويز خٹک اور ملک رياض کے بيٹے احمد علی رياض کو 12 اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے۔

تحقیقات کے لئے سابق وزرا حماد اظہر اور زبيدہ جلال کو 13 اکتوبر، شفقت محمود اور شيريں مزاری کو 14 اکتوبر کو پيش ہونے کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

نوٹسز کے ذریعے غلام سرور خان، مراد سعيد، خالد مقبول صديقی، اعجاز شاہ، علی امين گنڈاپور، فروغ نسيم، علی زیدی، اور خسرو بختيار کو بھی پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔

اسد عمر، اعظم سواتی، عمر ايوب، محمد مياں سومرو، شيخ رشيد اور فواد چوہدری سے بھی پوچھ گچھ ہوگی، جب کہ صاحبزادہ محبوب سلطان اور فيصل واوڈا کو 25 اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے۔

نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کی طلبی کا عندیہ بھی دے دیا گیا ہے۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو پی ٹی آئی وزرا کے بيانات کی روشنی ميں طلب کيا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے