ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس میں عدم شرکت پر ایم ایس سول ہسپتال کیخلاف محکمانہ کاروائی کیلئے سیکرٹری صحت کو مراسلہ ارسال کردیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس میں عدم شرکت پر ایم ایس سول ہسپتال کیخلاف محکمانہ کارروائی کیلئے سیکرٹری صحت بلوچستان کو مراسلہ ارسال کردیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی جانب سے سیکرٹری صحت بلوچستان کوارسال کئے گئے مراسلہ میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 12 ربیع الاول کے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے پانچ اکتوبر کو ڈپٹی کمشنر آفس میں ہونے والے اجلاس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال کوئٹہ کی موجودگی انتہائی ضروری تھی تاہم اجلاس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور نہ ہی ان کا کوئی نمائندہ شریک ہوا۔ مراسلہ میں لکھا گیا ہے کہ مذکورہ اجلاس سے قبل بھی محرم الحرام اور حضرت امام حسین کے چہلم کی سیکورٹی کے حوالے سے ہونے والے اجلاسوں میں بھی شرکت کیلئے بلانے کے باوجود ایم ایس سول ہسپتال شریک نہیں ہوئے ہیں جوان کی غفلت اور غیر سنجیدہ رویہ کو ظاہر کرتا ہے۔ مراسلہ میں سفارش کی گئی ہے کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال کیخلاف محکمانہ تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔