مریم نواز اب باہر بیٹھ کر عورت کارڈ کھیلیں گی،شہباز گل
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما شہباز گل کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے کہا تھا کہ پاسپورٹ مل گیا، جب بھی بیرون ملک نہیں جاؤں گی، مگر مریم نواز کو جیسے ہی پاسپورٹ ملا، لندن چلی گئیں، اب وہ باہر بیٹھ کر عورت کارڈ کھیلیں گی۔
اسلام آباد کی ایف ایٹ کچہری آمد پر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے کہا کہ گاؤں میں 30 طلباء کی کلاس تھی، میں واحد تھا جو کالج تک پہنچا، جتنے پیسے لے کر پی ٹی آئی اراکین لوٹے ہوئے، اتنے پیسے میں تین چار ماہ میں کما لیتا تھا، حوالات میں بیٹھ کر میری آنکھیں کچھ سوچ رہی تھیں، اب سمجھ آئی کہ سیاست میں لوگ کرپشن کیوں کرتے ہیں۔ سیاستدان کرپشن کے لیے بنے ہوئے ہیں۔ اپنے کیسز سے بچنے کے لیے سیاستدان کرپشن کرتے ہیں۔
ن لیگی رہنما مریم نواز شریف سے متعلق شہباز گل نے کہا کہ مریم نواز نے کہا تھا کہ پاسپورٹ پلیٹ میں ملا تو پھر بھی نہیں جاؤں گی، مریم نواز کو جیسے ہی پاسپورٹ ملا لندن چلی گئیں، مریم نواز اب باہر بیٹھ کر عورت کارڈ کھیلیں گی۔ سوال کیا گیا کہ آپ کے کمرے سے سیٹلائٹ فون برآمد ہوا کس سے رابطے کیلئے تھا?، جس پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پشاور میں درجنوں صحافی ایسے ہیں جن کے پاس سیٹلائٹ فون ہوتا ہے، جہاں سروس نہیں ہوتی وہاں سیٹلائٹ فون استعمال ہوتا ہے، ہمارے علاقوں میں آج بھی ایسی جگہیں ہیں جہاں سگنل نہیں ہیں۔
جیل کے نظام پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیل غلامی کا ادارہ ہے۔ جیل میں پولیس کے آنے پر قیدی کو نظریں نیچے کرنے کے احکامات ہیں۔ اڈیالہ جیل میں 50 سے زائد ذہنی مریض موجود ہیں۔ جیل اصلاحات ضرور ہونی چاہیے جو سیاستدانوں نے ہی کرنی ہیں۔صحافی نے اس پر سوال کیا کہ جیل میں آپ کے ساتھ تشدد ہوا، مقدمہ درج کروائیں گے؟ جواباً شہباز گل نے کہا کہ میرے وکلاء جو کہیں گے اس کے مطابق چلوں گا۔