ابھی ڈنڈا تو چلایا ہی نہیں، ڈالر کے ریٹ مارکیٹ خود ٹھیک کررہی ہے،وزیرخزانہ
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ابھی تو ڈنڈا چلایا ہی نہیں اور ڈالر کے ریٹ مارکیٹ میں خود ٹھیک ہوگئے، امریکی کرنسی کی صحیح قیمت 200 روپے سے کم ہے۔آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن سے کامیاب مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ برآمدی شعبے کے لیے بجلی کا نرخ 20 روپے فی یونٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایکسپورٹس کی ضرورت ہے، روپے کو مارکیٹ بیس ہم نے کہا تھا، مگر اسکا مطلب یہ نہیں کہ اپنی کرنسی کو کھلا چھوڑ دیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے جب لندن سے روانگی اختیار کی تو کرنسی مارکیٹ میں مثبت تبدیلی نظر آئی جبکہ اب تک میری جانب سے کوئی ہدایت بھی جاری نہیں کی گئی اور نہ ہی ڈنڈا اٹھایا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈالر کی قیمت کم ہونے سے پاکستان کے بیرونی قرض مین 26 سو ارب روپے کمی آئی ہے۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ڈالر کی صحیح قیمت 200 روپے سے کم ہے، کرنسی ریٹ میں ہیر پھیر کرنے والے نجی بینکوں کے خلاف تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کارروائی کی جائے گی۔