اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے پورے صوبے کی ترقی و خوشحالی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، میر جان محمدجمالی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے پورے صوبے کی ترقی و خوشحالی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے. جدید دور کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے نئی نسل کو زمینی حقائق کے مطابق تعلیم و تربیت کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے سموار کے روز سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کی قیادت میں یونیورسٹی طلباء کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر قائمقام گورنر بلوچستان نے کہا کہ تعلیمی پالیسیاں وضع کرنے اور ہر لحظہ بدلتی دنیا کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ماہرین اور محققین کی خدمات ہی بارآور ثابت ہو سکتی ہیں. انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں انسانی وسائل کی ترقی کو بنیادی اہمیت دی جاتی ہے. ہمیں بھی اپنے نوجوانوں کو سائنسی اور فنی تعلیم سے آراستہ کر کے دنیا کے مقابلے میں کھڑا کرنا ہوگا. وفد نے قائمقام گورنر بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ خاران میں یونیورسٹی کیمپس کے طلباء کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ہاسٹل کی سہولیات بھی فراہم کی جائے تاکہ وہ بھرپور توجہ کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں جس پر قائمقام گورنر بلوچستان نے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے