سیلا ب سے متاثرہ اضلاع میں ملیریا کی ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے، عبدالعزیزعقیلی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا ہے کہ سیلا ب سے متاثرہ اضلاع میں ملیریا کی ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے،متاثرہ اضلاع میں ڈاکٹر وں اور طبی عملے کو تین شفٹوں میں تعینات کیا جائے،تمام ڈپٹی کمشنر مردم شماری کے اعداد و شمار کے مطابق خیموں کی حقیقی ضرورت سے آگاہ کریں۔یہ بات انہوں نے اتوار کو سیلاب متاثرین کے لئے خیموں کی فراہمی اور ملیریا کی ادویات کی دستیابی سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکریٹری صحت ڈی جی پی ڈی ایم اے کمشنر نصیرآباد متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اور ڈی جی صحت کی بزریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے ہدایت کی کہ ملیر یا کے تدارک کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ملیریا کی ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے متاثرہ اضلاع میں ڈاکٹر وں اور طبی عملے کو تین شفٹوں میں تعینات کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ تمام ڈپٹی کمشنر مردم شماری کے اعداد و شمار کے مطابق خیموں کی حقیقی ضرورت سے آگاہ کریں کوئی بھی سیلاب متاثر خیمے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیر حاضر ڈاکٹروں اور طبی عملہ کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے انکی تنخواہوں کی ادائیگی روک دی جائے متاثرہ علاقوں میں انسداد ملیریا کا سپرے جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت اور محکمہ بلدیات وبائی امراض سے موثر طور پر نمٹنے کی مکمل تیاری رکھیں۔ اجلاس سے کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکر ٹری صحت نے بتایا کہ ضرورت کے مطابق ملیریا کی ادویات متاثرہ اضلاع میں فراہم کر دی گئی ہیں متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹنے کا فی الحال کوئی خطرہ نہیں ہے