منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی میں کسی قسم کی کوتاہی اورغفلت کی گنجائش نہیں، میرضیاء لانگو

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاون کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ سماج دُشمن عناصر اپنے ذاتی مفادات کیلئے نوجوان نسل کو نشے کی لت میں مبتلا کرنا چاہتے ہیں جس کی فوری اور دیر پا بنیادوں پر بیخ کنی ناگزیر ہے۔ اس مقصد کیلئے، پولیس،اور سول انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو مربوط اور ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ مشیر داخلہ نے واضح کیا کہ پرفارمنس کے چکر میں بغیر کسی ٹھوس وجہ کے عام شہریوں کو تنگ کرنے کی بجائے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر منشیات فروشوں، ڈیلروں اور سمگلرز کے خلاف نتیجہ خیز کاروائی کی جائے، مشیر داخلہ نے کہاکہ منشیات کے استعمال کابڑھتا ہوا رجحان نوجوان نسل کو بری طرح متاثر کر رہا ہے۔ اسلئے معاشرے کو اس لعنت سے مکمل طور پر پاک کرنے کیلئے بڑے بڑے مگر مچھوں اور سرغنہ گروپس، ڈیلرز اور منشیات فروشوں کو لگام ڈالنے کی ضرورت ہے،یہی ایک طریقہ ہے جس کے ذریعے ہم اپنی نوجوان نسل کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔ مشیر داخلہ نے منشیات کا کاروبارکرنے والوں کے خلاف قوانین میں موجود سزاوں کو مزید سخت کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی میں کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت کی گنجائش نہیں۔ تمام محکموں کو اپنے حصے کی ذمہ داری ایمانداری کے ساتھ پوری کرنا ہو گی۔ مشیر داخلہ نے کہاکہ ہم نے ہر صورت منشیات فروشوں اور اس کے ڈیلرز کے نیٹ ورک کو توڑنا ہے، اس مقصد کیلئے پولیس کو مزید کارکردگی دکھانا ہو گی۔ ایک ماہ کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کیلے مٹینگ کی جاے گی جس میں واضح پیشرفت یقینی ہونی چاہیئے۔ میر ضیاء نے کہاکہ معاشرے کو اس لعنت سے پاک کرنے کیلئے ہم سب ذمہ دار اور جوابدہ ہیں۔ اسلئے اس معاملہ میں کسی قسم کی نرمی کی گنجائش موجود نہیں۔ صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو بھی اپنے اضلاع میں منشیات کے خلاف کاروائی کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے