منی لانڈرنگ کیس،شہباز شریف عدالت میں پیش،حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور
لاہور (ڈیلی گرین گوادر) ایف آئی اے میں منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی گئی۔اسپیشل جج سینٹرل اعجاز حسن اعوان نے کیس کی سماعت کی۔ شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔ حمزہ شہباز کی میڈیکل گراؤنڈ پر حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
شہباز شریف نے بیان دیا کہ میں عدالتی حکم پر پیش ہوا ہوں، میرے خلاف جھوٹا منی لانڈرنگ کا کیس بنایا گیا۔ بطور وزیراعلی ایسے فیصلے کیے جس سے خاندان کے کاروبار کو نقصان پہنچا۔ میں نے شوگر ملز کو سبسڈی دینے کی سمری مسترد کی، انکار کرکے عوام کا پیسہ بچایا۔ موجودہ حالات میں ذمہ داری ملی اور ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے سخت فیصلے کیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میرے قائد اور میں نے ریاست کے لیے سیاست داؤ پر لگا دی۔شہباز شریف کے وکیل نے دلائل دیئے کہ ایف آئی آر میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف کوئی الزام نہیں۔عدالت نے شہباز شریف کی بریت پر امجد پرویز ایڈووکیٹ کو دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔