دالیں، مرغی، ، دودھ ، دہی ، مٹن ، انڈے، چاول اور صابن سمیت 20 اشیا کی قیمتوں میں مزید اضافہ
اسلام آباد: پیاز، ٹماٹر، چائے کی پتی، ڈبل روٹی، دالیں، مرغی، ، دودھ ، دہی ، مٹن ، انڈے، چاول اور صابن سمیت 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ یہ بات وفاقی ادارہ شماریات کی جاری کردہ ہفتہ وار جائزہ رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی جاری کردہ جائزہ رپورٹ کے تحت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.94 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی شرح 30.62 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پیاز کی فی کلو قیمت میں چالیس روپے تیرہ پیسے، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں اکتالیس روپے گیارہ پیسے جب کہ ایک سو نوے گرام چائے کی پتی کی قیمت میں آٹھ روپے پینتیس پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ہفتہ وار جائزہ رپورٹ کے تحت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دودھ ، دہی ، مٹن ، انڈے، چاول اور کپڑے دھونے کا صابن بھی مہنگا ہو گیا ہے۔