شہر کی خوبصورتی کو یقینی بنانے کیلئے تاجروں اوردیگر مکاتب فکرکے ساتھ ملکر کام کررہے ہیں، عبدالجبار بلوچ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن عبدالجبار بلوچ نے کہا ہے کہ شہر کی خوبصورتی کو یقینی بنانے کیلئے تاجروں اوردیگر مکاتب فکرکے ساتھ ملکر کام کررہے ہیں،شہر میں روزانہ 2ہزار ٹن کچرہ پیدا ہوتا ہے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ساتھ 7سو ٹن کچرہ اٹھانے کی سہولت موجود ہے شہریوں اورتاجروں کو چاہئے کہ شہر کو صاف ستھرارکھنے کیلئے ہمارے ساتھ تعاو ن کریں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم آغا کے ہمراہ اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے شہرکی خوبصورتی،صفائی اور شجرکاری کے حوالے سے اپنا کردارادا کر رہا ہے میٹروپولیٹن نے ائیر پورٹ روڈ،انسکمب روڈ،زرغون روڈ سمیت دیگر شاہراہوں پر سینکڑوں درخت لگائے جن کی حفاظت کی ذمہ داری شہریوں نے اٹھائی ہے یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کے توسط سے شہر میں دیواروں پر پنٹنگ بناکر خوبصورتی میں اضافہ کیاگیا ہے 15روزہ مہم کے دوران مختلف سڑکوں پر پٹنگز بنائی گئی ہیں دوسرے مرحلے میں جناح روڈ کی خوبصورتی کیلئے مہم کا آغاز کیا جارہا ہے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے پاس شہرمیں روزانہ پیدا ہونے والے 2ہزار ٹن میں سے 7سو ٹن کچرہ اٹھانے کی گنجائش ہے جبکہ بچ جانے والا کچرہ خصوصی مہم کے دوران اٹھایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی چھوٹی گاڑیاں گلی محلوں سے کچرہ اکٹھا کرکے مختلف پوائنٹس پر جمع کراتی ہیں جہاں رات کے اوقات میں یہ کچرہ شہر کے باہر قائم ڈمپ پوائنٹس پرپہنچایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو چاہئے کہ وہ شہرکی خوبصورتی اور صفائی کے حوالے سے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملے کے ساتھ تعاون کریں اور کچرہ جگہ جگہ پھینکنے کی بجائے مخصوص جگہوں پرجمع کریں تاکہ اسے بروقت اٹھاکر ٹھکانے لگایا جاسکے۔ ایک سوال کے جواب میں جباربلوچ نے کہا کہ مون سون کی بارشوں کے دوران نالیوں کی صفائی کی خصوصی مہم چلائی گئی جس کی وجہ سے بارشوں کاپانی سڑکوں پرآنے کی بجائے ان نالیوں کے ذریعے نکل گیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ 1935کے بلڈنگ کوڈ 75سال بعد تبدیل کیاگیا ہے جس کے تحت اب کوئٹہ شہر میں 65فٹ تک عمارت بنائی جاسکتی ہے۔ انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم آغا نے کہا کہ تاجربرادری نے عوام کے اجتماعی مفاد کیلئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کیا ہے اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ساتھ ہرممکن تعاون کیلئے تیارہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی صفائی کے حوالے سے انجمن تاجران بلوچستان 1لاکھ پمفلٹ شائع کرکے اسے شہر یوں میں تقسیم کریگی تاکہ ان میں صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جاسکے۔