سیاست کوسازشوں کی بنیاد پرچلانا دانشمندی نہیں، مولانا عبدالحق ہاشمی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ حکومت واپوزیشن اور اسٹبلشمنٹ کے آپس کی لڑائی کی وجہ سے معیشت اورادارے تباہ،ملک کی سلامتی داؤ پر لگی ہوئی ہیں۔سیاست کو سازشوں کی بنیاد پر چلانا دانشمندی نہیں۔حکمران طبقہ کیسزختم کرنا چاہتی ہے جبکہ سابق حکمران طبقہ پھر پھر صورت باری لینے کیلئے جائز ونائزحربے استعمال کرکے پر طول رہے ہیں۔ وزیر اعظم ہاؤس کی متعدد آڈیو ٹیپس کا لیک ہونا تشویشناک ہے۔ وزیر اعظم ہاوس میں ہونے والی گفتگو ویب سائٹ پر برائے فروخت ہے۔ملک کی سلامتی پر خطرات کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ آڈیو لیکس کا نوٹس لینا یا محض تحقیقات کا اعلان کردینا کافی نہیں بلکہ اس حوالے سے جلد ازجلد انکوائری کو مکمل کرکے رپورٹ پبلک کی جائے۔ ملک کی سلامتی کے ساتھ کھیلنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اسلامی تعلیمات کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے پاکستان اسلام کے نام پر اسلامی نظام کے قیام کیلئے ہمارے اکابرین نے عظیم قربانیاں دیکر بنایا اسے غیر اسلامی طریقوں پر سیکولر طبقات کی سازش کے تحت نہیں چلنے دیں گے۔بدقسمتی سے قیام پاکستان سے اب تک ایک دن بھی ملک میں اسلامی نظام قائم نہیں ہوا جب بھی حکمران قوم پر مسلط ہوئے دشمن نے سازشیں شروع کی۔ملک کی دفاع، ترقی وکامیابی کے خلاف حکمران اور اسٹبلشمنٹ بھی مختلف طریقوں سے استعمال ہورہے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔ اسرائیل سے تعلقات اور بھارت سے تجارت کی باتیں غیر حقیقت پسندانہ اور عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔ حکمرانوں کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ قومی مفاد پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔ اتحادی حکومت اور نام نہاد اپوزیشن کا کردار ادا کرنے والی تحریک انصاف صرف اور صرف اقتدار کے حصول کی کشمکش میں ہیں۔ دونوں نے ہی عوام کو نظر انداز اور مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان وسائل سے مالا مال لیکن حکمران ذاتی مفادات کیلئے بے حس ہوگیا ہے پاکستان کو سیاسی و معاشی استحکام کی ضرورت ہے اور اس کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جارہے ہیں۔ سیلاب زدگان ابھی تک حکومت امداد کے منتظر ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ گڈ گورننس کے دعویداروں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان سے نجات حاصل کی جائے۔