تین بھائیوں کے قتل کا واقعہ انتہائی دلخراش تھا پولیس نے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے، غلام اظفر میسر

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ کیپٹن(ر) غلام اظفر میسر نے کہا ہے کہ ریلوے کالونی میں تین بھائیوں کے قتل کا واقعہ انتہائی دلخراش تھا پولیس نے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے شواہد کی روشنی میں مزید اقدامات اٹھاتے ہوئے تفتیش کا دائرہ کار آگے بڑھائیں گے،پولیس شہر میں ٹریفک کی روانی کیلئے ہفتہ ٹریفک منانے کے بعد اب ماڈل انفورسمنٹ ٹریفک یونٹ کے ذریعے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمدکو یقینی بنائے گی ٹریفک انجینئر نگ بیورو کا قیام آئندہ ایک دو ماہ میں مکمل ہوجائے گا جس کے ثمرات عوام کو نظرآئیں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو ایس ایس پی ٹریفک پولیس کوئٹہ عرفان بشیر،ایس پی سٹی ٹریفک پولیس ملک جاویداحمد خان،ایس پی سریاب سید عبداللہ شاہ،ڈی ایس پی اعظم سرپرہ،عامر پیٹراوردیگر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔غلام اظفر میسر نے کہا کہ آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ کی ہدایت پر ٹریفک کے مسائل سے نجات دلانے اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے 19 سے 25ستمبر تک ہفتہ ٹریفک منایا اس دوران عوام میں شعوراجاگر کرتے ہوئے انہیں ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دی گئی اورچالان نہیں کئے گئے اس ہفتے میں تعلیمی اداروں میں ہماری ٹیموں نے طلباء کو ٹریفک قوانین کے بارے میں لیکچر دیئے 25ہزار اسٹیکر مختلف چوراہوں پر گاڑیوں پر چسپاکئے گئے ٹریفک قوانین سے متعلق 25ہزار پمفلٹ تقسیم کئے اور چھوٹے بچوں کو گفٹ بھی دیئے200گاڑیوں سے کالے شیشے اور 350گاڑیوں سے غیرنمونہ فینسی نمبرپلیٹس اتارتے ہوئے کم عمر ڈرائیوروں کو ون ویلنگ سمیت ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دی ان تمام اقدامات کے حوالے سے عوام میں آگاہی کیلئے تمام مکاتب فکر سمیت میڈیا کا تعاون درکار ہے ہم ایف ایم ریڈیو کی سروس شروع کر رہے ہیں جس کا مقصد عوام کو شہر میں ہونے والے احتجاج اور دیگر حوالوں سے ٹریفک کی روانی کی سہولت کیلئے آگاہی فراہم کی جائے گی انکا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس ماڈل انفورسمنٹ یونٹ کا قیام عمل میں لاتے ہوئے اقدامات اٹھارہی ہے جس کا مقصد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ٹریفک کامذکورہ یونٹ کارروائی کریگا اب ہم ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کیلئے سختی کریں گے جسکا مقصد شہریوں کو سہولیات کی فراہمی،حادثات کی روک تھام اور انکی جانوں کو دوران سفر محفوظ بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک انجینئرنگ بیورو کا قیام عملی طور پر مکمل ہوچکا ہے اس حوالے سے قانون سازی کرکے متعدد اجلاس منعقد کرکے ٹریفک مینجمنٹ کیلئے کام جاری ہے کیونکہ مذکورہ یونٹ کے ذریعے روڈسیفٹی،زیبرا کراسنگ اوررات کو ڈرائیونگ کے دوران چمکنے والی پٹی لگانے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کیلئے انڈرپاسز،اور ہیڈ اورٹریفک سگنلز کا قیام ممکن بنانا ہے ٹریفک انجینئرنگ بیورو آئندہ دو ماہ میں اپنا کام شروع کردیگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 9سگنلز کو فعال بناکر جدید سگنلز میں تبدیل کررہے ہیں اور مختلف چوراہوں کی نشاندہی کرکے ان میں بھی ٹریفک سگنلز لگائے جارہے ہیں اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کیلئے پولیس میں تبدیلیاں کی گئی ہیں اور مزیداقدامات اٹھائے جائیں گے ٹریفک پولیس کے افسران اورجوان اخلاقیات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریلوے سوسائٹی کوئٹہ میں تین بھائیوں کے قتل کا دلخراش واقعہ پیش آیا اور مقتولین کے والد کی جانب سے ایف آئی آرکے اندراج کیلئے تحریری درخواست دی گئی ہے جس کی روشنی میں پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیاہے پولیس قوانین کے مطابق اپنی ذمہ داری نبھائے گی ہم کسی کو نہ چھوڑسکتے ہیں اور نہ ہی سزادے سکتے ہیں میرٹ اورشفاف طریقے سے تحقیقات کریں گے سزا اور جزا کا عمل عدالت کا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے