اللہ نے عمران خان کو ناکام اور نواز شریف کو سرخروکیا،مریم نواز

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ایون فیلڈ ریفرنس میں بری ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج نواز شریف بھی سرخرو ہو گئے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ 6 سال اس کیس میں جھوٹ بولا گیا، آج اللہ نے عزت سے سرخرو کیا، عمران خان کو جواب دینا پڑے گا کہ انہوں نے جھوٹ کیوں بولا اور کیوں بہتان لگایا، جس شخص نے یہ جھوٹ بولا آج اس شخض کا چہرہ دیکھنا چاہتی ہوں، آج اللہ نے تمہیں ناکام کیا جھوٹا ثابت کیا، تم ناکام ہوئے اور نواز شریف کو اللہ نے سرخرو کیا، جلد نواز شریف بھی واپس آئیں گے۔عمران خان ایک بے بس شخص ہے، اس مقدمے کا بینیشفری کون ہے سب پتہ تھا، وہ بے ساکھی پر اس مقدمے کے ذریعے آیا، جو اس کے کوچز ہیں ان کا کام بھی ختم ہے۔

امریکی مراسلے سے متعلق آڈیو لیک کے سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا وزیراعظم کے کمرے میں بیٹھ کر دو شیطانی دماغوں نے جھوٹ گھڑا، اس معاملے پر اعلیٰ سطح کی تحقیقات ہونی چاہیے اور عمران خان، اعظم خان، شاہ محمود قریشی اور سفیر اسد مجید کو بلا کر ان سے پوچھا جانا چاہیے کہ انہوں نے کس طرح ملک کے ساتھ اتنا گھناؤنا کھیل کھیلا، اگر ہم تحقیقات نہیں کر سکتے تو پھر ہمیں آنکھیں بند کر کے کمبل اوڑھ کر گھر پر سو جانا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ شخص مذہب کارڈ کھیلتا رہا لیکن کسی نے اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا، حکومت سمیت سب ادارے تماشا دیکھتے رہے، اس کے پاس ایسی کیا چیز ہے اسے اتنی کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے، یہ شخص سنگین سے سنگین جرم کرکے بھی بچ کر نکل جاتا ہے۔

اپنی ویڈیو سے متعلق سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا جب میں نیب میں تھی تو انہوں نے میری ویڈیو بنائی تھی، میں نائٹ سوٹ میں تھی، اگر وہ میری ویڈیو ریلیز کرتے ہیں تو پھر یہ انتہائی شرم کی بات ہے کیونکہ قیدیوں کے بھی کچھ حقوق ہوتے ہیں۔عمران خان کی جانب سے داماد کے لیے بھارت سے مشینری منگوانے کے الزامات پر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی کسی بات کا جواب نہیں دینا چاہتی لیکن شرم عمران خان کو آنی چاہیے کیونکہ میرے داماد کی مشینری عمران خان کے دور میں آئی تھی، میرے داماد نے وزیراعظم آفس کو درخواست دی تھی کہ آدھی مشینری آ چکی ہے اور آدھی رکی ہوئی تھی جس کی وجہ سے پلانٹ بند ہے لیکن مجھے فخر ہے کہ وزیراعظم نے کہا کہ پہلے بھارت سے امپورٹ کی اجازت تھی لیکن اب اجازت نہیں ہے اس لیے آپ کسی دوسرے ملک سے مشینری منگوا لیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے