پی پی اے ایف واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی کے لئے فنڈز پر نظر ثانی کررہا ہے،نادر گل بڑیچ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ترجمان بی آر ایس پی کے مطابق چیف آپریٹنگ آفیسر پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ PPAF نادر گل بڑیچ اور جنرل منیجر بی آر ایس پی نعمت اللہ جان میریانی نے اسسٹنٹ کمشنر صدر کیپٹن ریٹائرڈ محمد حسیب شجاع کے ہمراہ ضلع کوئٹہ کی یونین کونسل پنچپائی کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران کلی میاں خانزئی میں سیلاب سے متاثرہ 100 خاندانوں میں فوڈ پیکجز، ہائی جین کٹس اور جیری کین تقسیم کیں۔انہوں نے بی ایچ یو محمد خیل کا دورہ بھی کیا گیا جہاں پی پی اے ایف اور بی آر ایس پی کی جانب سے میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ میاں خانزئی اور بی ایچ یو محمد خیل کیمپ کے علاقے کی آبادیوں نے حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر پی پی اے ایف نادر گل بڑیچ نے بی آر ایس پی کے جنرل منیجر نعت اللہ جان مریانی سے فوری اقدامات کرنے کی درخواست کی تاکہ متاثرین کو بروقت ریلیف فراہم کیا جاسکے۔چیف آپریٹنگ آفیسر پی پی اے ایف نادر گل بڑیچ نے کہا کہ پی پی اے ایف واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی کے لئے فنڈز پر نظر ثانی کررہا ہے اسسٹنٹ کمشنر صدر، کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع نے کوئٹہ میں فلڈ ایمرجنسی کے دوران پی پی اے ایف اور بی آر ایس پی کی کوششوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی مدد جاری رکھنے کی درخواست کی۔