سیلاب متاثرین کی مدد پرپاک فوج اوردیگرادارے خراج تحسین کےلائق ہیں، مولانا عبدالخبیر آزاد

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان چیئرمین الشیخ آزاد ویلفیئرفاؤنڈیشن نے کوئٹہ میں اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج پاکستان جن تکالیف اور سیلابی صورت حال سے گزر رہا ہے اس موقع پر پوری قوم کو چاہیے کہ دل کھول کر متاثرین سیلاب کی مدد کریں،چارسدہ،جنوبی پنجاب، راجن پور،رجھان کے بعد میں قلعہ سیف اللہ، چمن اور کوئٹہ میں الشیخ آزاد ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے سیلاب سے متاثر ہونے والے پانچ سو خاندانوں کے درمیان ریلیف اور فوڈ پیکجز لے کر آیا ہوں جسے ہم تقسیم کر رہے ہیں،ہمارا مقصد ان لوگوں کی مدداور خدمت کرنا ہے جو سیلاب کی زد میں آکر متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خدمت خلق اللہ کا حکم سنت رسول ؐ اللہ اور عین عبادت ہے،انشاء اللہ ہم پورے ملک میں ہزاروں خاندانوں کو فوڈ پیکجز،خیمے اور دیگر اشیاء پہنچانے کا ذریعہ بنیں گے۔مولانا آزاد نے کہا کہ ہماری قوم خدمت کے جذبوں سے سرشاد ہے جب بھی پاکستان میں کوئی آفت آتی ہے تومحب وطن چاہے پاکستان میں ہوں یا پاکستان سے باہر،جذبہ حب الوطنی کو سامنے رکھتے ہوئے دل کھول کر لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان،سندھ،جنوبی پنجاب، خیبرپختونخواہ اورگلگت بلتستان کے علاقوں میں متاثرین سیلاب کی بحالی کے لئے جو کام ہورہا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ مولانا آزاد نے کہا کہ پاک مسلح افواج،حکومت اور دیگر اداروں نے سیلاب متاثرین کے حوالے سے جو کام کیا ہے وہ خراج تحسین کے لائق ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ اپنی قوم،پاک سرزمین اور مصیبت میں پھنسے لوگوں کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔پاک فوج نے اپنے تمام ہیلی کا پٹر اور تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے جو خدمات سر انجام دیں اس پر ہم اور پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے،اور دینی و سماجی این جی اوز متاثرین سیلاب کی مددمیں جس طرح کوشاں ہیں میری دعاء ہے کہ اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر عطاء فرمائے اور سانحہ ہرنائی میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو اللہ تعالیٰ اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا ء فرمائے،آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے