اسحاق ڈار کسی عدالت سے سزا یافتہ نہیں ، جلد بطور سینیٹر حلف اُٹھائیں گے،مریم اورنگزیب
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کسی عدالت سے سزا یافتہ نہیں ، جلد بطور سینیٹر حلف اُٹھائیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کی واپسی پر ایک فارن ایجنٹ، ہیروں اور گھڑیوں کے سوداگر اور آٹا چینی چور کا رونا بنتا ہے۔ یہ روئیں، چیخیں یا پیٹیں اسحاق ڈار وطن واپس آچکے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کا واپس آنا عمران خان جیسے جھوٹے اور فسطائی شخص کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ ہے جس کی گونج میں ہر روز اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کسی عدالت سے سزا یافتہ نہیں ، جلد بطور سینیٹر حلف اُٹھائیں گے۔اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے اسحاق ڈار کی واپسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسحاق ڈار کا آنا پاکستان کے نظام انصاف کے منہ پر زناٹے دارتھپڑ ہے۔
فواد چودھری نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ پر لکھا کہ جب ایک مفرور سیدھا وطن واپس آکر اعلیٰ عہدوں پر براجمان ہو جائے تو جج صاحبان جتنی مرضی تقریریں کرلیں انصاف کا نظام عوامی اعتماد کبھی حاصل نہیں کر پائے گا۔واضح رہے کہ مسلم یگ ن کے رہنما اسحاق ڈار وطن واپس آ چکے ہیں اور بطور وزیر خزانہ جلد اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔