شیخ رشید کیخلاف لال حویلی سمیت 7 یونٹس پر قبضے کے کیس کا فیصلہ محفوظ
روالپنڈی(ڈیلی گرین گوادر)متروکہ وقف املاک بورڈ نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف لال حویلی سمیت 7 یونٹس پر قبضے کے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔راولپنڈی میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی لال حویلی سمیت 7 اراضی یونِٹس پر قبضے سے متعلق کیس کی سماعت بورڈ کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان نے کی۔
دورانِ سماعت شیخ رشید کی طرف سے ان کے وکیل زاہد اقبال جنجوعہ پیش ہوئے جنہوں نے زیرِ قبضہ 7 یونِٹس میں سے 2 یونٹس کی دستاویزات پیش کر دیں۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک نے ریمارکس دیئے کہ دستاویزات نامکمل ہیں، وکیل صاحب آپ نے یونِٹ نمبر 158 کے وارث کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ پیش کرنا تھا۔
جس پر شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ 5دن سے نادرا کا سسٹم غیر فعال ہے، ایف آر سی حاصل نہیں کرسکے۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ نادرا کا سسٹم تو شیخ رشید کے زیر کنٹرول رہا ، آپ کیلئے تو مشکل نہیں ہونی چاہیےزیر قبضہ 7اراضی یونِٹس میں سے باقی 5 کی دستاویزات کہاں ہیں؟
شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ دستاویزات جمع کرنے کیلئے اور وارثین کو تلاش کرنے کیلئے وقت دیا جائے۔
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ ہمارے پاس اتنا وقت نہیں کہ آپ کا ہی کیس سنتے رہیں، متروکہ وقف املاک کی اراضی پر قبضے سے متعلق مزید مہلت نہیں دے سکتے۔