ایاز امیر کی اہلیہ نے قتل کیس میں درخواستِ ضمانت قبل از گرفتاری دائر کردی

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) سینئر صحافی ایاز امیر کی اہلیہ نے قتل کیس کے سلسلے میں اپنی ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے درخواست دائر کردی۔ مقدمے کے مرکزی ملزم شاہنواز کے ہاتھوں اپنی اہلیہ سارہ انعام کے قتل کیس میں ایاز امیر کی اہلیہ ثمینہ شاہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد سے رجوع کرلیا۔ نامزد ملزمہ نے بیرسٹر حسنات گل کے ذریعے دائر کی گئی درخواست ضمانت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزمہ کا نام مقتولہ کے چچا، چچی نے نامزد کیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملزمہ کئی برس سے جائے وقوع فارم ہاؤس کی رہائشی ہے۔ مرکزی ملزم شاہنواز امیر نے قتل سے قبل مقتولہ کی رخصتی کے لیے مجھے واٹس ایپ پر میسج کیا۔ مرکزی ملزم شاہنواز امیر نے قتل کے بعد صبح 9 بج کر 12 منٹ پر بذریعہ فون وقوعہ کے متعلق آگاہ کیا، جس کے بعد ملزمہ کمرے کی طرف دوڑی لیکن تب تک سارہ انعام قتل ہوچکی تھی۔

ایاز امیر کی اہلیہ نے درخواست ضمانت میں مزید کہا کہ شاہنواز امیر کو کمرے میں بیٹھنے کو کہا، تب تک اس کے والد ایازامیر نے پولیس کو آگاہ کردیا تھا، جس کے بعد اسلام آباد پولیس چند منٹوں میں جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ملزمہ ثمینہ شاہ کا واقع سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی ملزمہ چشم دید گواہ ہے۔ ملزمہ ثمینہ شاہ صحت کے مسائل سے دوچار ہے، لہٰذا ضمانت از قبل از گرفتاری منظور کی جائے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے