کوہ سلیمان بری طرح متاثر ہیں لوگ بھوک و پیاس میں سڑکوں کے کنارے پڑے ہوئے ہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ
تربت(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی مکران ڈویژن کا اجلاس سکرٹری ریجنل کمیٹی واجہ ابوالحسن بلوچ کی صدارت تربت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس سے بات کرتے ہوئے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ کہ ملک پہلے سے شدید معاشی اور سیاسی بحران میں مبتلا تھا حالیہ سیلاب نے ملک کی معیشت کی رہی سہی کسر بھی پوری کردی اس وقت ملک کا ایک چوتھائی حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے چار کروڑ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ بلوچستان کا گرین بیلٹ نصیرآباد ڈویژن، کوہ سلیمان کے علاقے اور سندھ بری طرح متاثر ہیں لوگ بھوک و پیاس میں سڑکوں کے کنارے پڑے ہوئے ہیں لوگوں کو نہ کھانے پینے کی چیزیں مل رہی ہیں اور نہ رہنے کے لئے ٹینٹ میسر ہیں ادویات کی کمی اور صاف پانی نہ ملنے اور مچھروں کے کاٹنے کے سبب ملیریا اور دست کی بیماریاں وبائی شکل اختیار کرچکے ہیں بلوچستان حکومت اور این ڈی ایم اے کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے اور اگر ریلیف کے عمل کو بہتر نہ کیا گیا تو شدید وبائی امراض پھلنے کے امکانات ہیں۔ اجلاس میں گوادر، کیچ اور پنجگور تنظیم کو ہدایت کی گئی کہ وہ آنے والے انتخابات کی تیاریاں شروع کریں اور اہم علاقائی اور سیاسی مسائل پر احتجاج کریں گوادر و جیونی میں پانی کی فراہمی اور غیر قانونی جالوں کے ذریعے ہونے والے شکار اور بھتہ مافیا کے خلاف بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا گیا۔ گوادر ضلعی کنونشن کے فوری طور پر انعقاد کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ پنجگور میں آئے روز معصوم نوجوانوں کے قتل پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امن و امان کی بحالی کے لئے تحریک چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ضلع کیچ میں سیاسی سرگرمیوں کو مذید فعال و متحرک کرنے کے لئے جامعہ حکمت عملی ترتیب دی گئی۔ اجلاس میں پنجگور کے نائب صدر شعیب بلوچ کی ناگہانی رحلت پر شدید افسوس کا اظہار کیا گیا اور ان کی مغفرت کے لئے دعا کی گئی۔ اجلاس میں ضلع کیچ، گوادر اور پنجگور کے سینئر سیاسی رہنماوں اور مرکزی و ضلعی عہدیداروں نے شرکت کی۔