سیلاب سے متاثرہ زمینداروں کودوبارہ اپنے پاؤں پرکھڑا کرنے کیلئے حکومت رعایتی نرخوں پربیج اورکھاد فراہم کریگی، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجونے کہا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ زمینداروں کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے صوبائی حکومت رعایتی نرخوں پر بیج اور کھاد فراہم کریگی جس کیلئے عملی اقدامات کا آغا کردیا گیا ہے۔یہ بات انہوں نے اتوار کواپنے ایک ٹوئیٹ میں کہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں مون سون کی بارشوں اورسیلابی ریلوں سے زمینداروں کو بڑے پیمانے پرنقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے صوبائی حکومت نے زمینداروں کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے انہیں سبسڈی قیمتوں پرگندم، چنے،، سرسوں،رایا،سورج مکھی، چارہ جات،ڈی اے پی، نائیٹروفاس کھاددینے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے کمپنیوں، سلائرز اورڈیلرز سے بیچ اورکھادکے نرخوں بمعہ ٹرانسپورٹیشن کاسٹ کی کوٹیشن طلب کرلی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کو جنگی بنیادوں پر نصیر آباد ڈویژن کے سیلاب سے متاثرہ واٹر چینلز ڈسٹری بیوٹریز اور نہروں کی بحالی کا ہدف دیا گیا ہے تاکہ کسان اور زمیندار ربیع کی فصل سے قبل اپنی زرعی اراضی تیار کر سکیں حکومت زرعی بحالی پلان کے تحت تمام وسائل فراہم کریگی۔وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت اپنے زمینداروں اور کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی انہیں دوبارہ اپنے زمینوں اور فصلات کی تیاری کیلئے ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے