آٹے،گیس کی قیمتوں میں اضافے اورمہنگائی کے تناسب سے تندور والوں کوروٹی کا نیا نرخ نامہ دیا جائے، حاجی رضا خلجی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)آل بلوچستان تندور ایسوسی ایشن کے رہنماوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے روٹی کے نئے نرخ نامے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آٹے،گیس کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے تناسب سے تندور والوں کو روٹی کا نیا نرخ نامہ دیا جائے بصورت دیگر آل بلوچستان تندورایسوسی ایشن ہڑتال سمیت احتجاج پر مجبور ہوگی۔ یہ بات آل بلوچستان تندور ایسوسی ایشن کے صدر حاجی رضا خان خلجی،قاری سمیع اللہ اوردیگر نے اتوار کو آل بلوچستان تندورایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آٹے اور گیس کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے300گرام روٹی 30اور200گرام روٹی 20روپے میں فروخت کرنے کا آل بلوچستان تندورا ایسوسی ایشن کو جو نرخ نامہ دیاگیاہے وہ انتہائی کم ہے اس ریٹ پر روٹی فراہم نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ بار بار حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو مہنگائی اورآٹے،گیس کی قیمتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تندور والوں 150گرام پیڑہ 20اور250گرام پیڑہ30روپے میں فروخت کرنے کی اجازت دی جائے اب جبکہ انتظامیہ نے روٹی کا نیا نرخ نامہ دیا ہے اسے آل بلوچستان تندور ایسوسی ایشن مسترد کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ آٹے اور گیس کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے ریٹ دیا جائے بصورت دیگر آل بلوچستان تندورایسوسی ایشن احتجاج پر مجبور ہوگی جس کی تمام ترذمہ داری ضلعی انتظامیہ پرعائد ہوگی