بلوچستان اسمبلی کے ساؤنڈ سسٹم کی درستگی نہ ہونے پراے سی ایس، سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری آئی ٹی کوطلب کرلیا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اسمبلی کے ساؤنڈ سسٹم کی درستگی نہ ہونے پر پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلی، اے سی ایس، سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری آئی ٹی کو طلب کرلیا گیا جبکہ رکن اسمبلی میر سلیم کھوسہ کی جانب سے صحبت پور میں سیلاب متاثرین کو پی ڈی ایم اے کی جانب سے خوراک فراہم نہ کئے جانے پر تشویش کا اظہار۔ ہفتہ کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں بلوچستان اسمبلی میں بی این پی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے ساونڈ سسٹم کو چار سال گزرجانے کے باوجود درست نہیں کیا جاسکتا ہے جو باعث افسوس ہے ایوان کا مائیک سسٹم اگر درست نہیں کیا جاسکتاتو صوبہ کی کیا خدمت ہوگی گزشتہ اجلاس میں مائیک بند ہونے سے اجلاس ملتوی کرنا پڑا اس سلسلے میں متعلقہ سیکرٹری کو طلب کیا جائے انہوں نے کہاکہ گزشتہ اجلاس میں مائیک بند ہونے کے ذمہ داروں کیلئے استحقاق کمیٹی میں سزا تجویز کی جائے۔ ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہاکہ ساونڈ سسٹم کی درستگی کیلئے متعلقہ محکموں کیساتھ کئی اجلاس ہوئے ہیں، انہوں نے پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلی، اے سی ایس، سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری آئی ٹی کو طلب کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈران بھی اجلاس میں شریک ہوں۔ اجلاس میں رکن اسمبلی میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ صحبت پور میں سیلاب متاثرین کو پی ڈی ایم اے کی جانب سے خوراک فراہم نہیں کی جارہی ہے تاہم ایف سی اور این جی او ز لوگوں میں کھانے پینے کا سامان تقسیم کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ سیلاب اور بارشوں سے نصیر آباد ڈویژن کا انفراسٹریکچر تباہ ہوا ہے رابطے سڑکیں شدید متاثر ہوئی ہیں جنہیں بحال کیا جائے، انہوں نے کہا کہ کچھی کینال کیلئے مشینری پہنچانے کیلئے میرے حلقہ کی سڑک کو استعمال کی جارہی ہے جس سے مذکورہ شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے اور شاہراہ بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ جمعیت علماء اسلا م کے رکن اسمبلی اصغر ترین نے کہاکہ پشین میں بارشوں اور سیلاب سے زمینداروں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے تاہم اس حوالے سے کوئی پالیسی تشکیل نہیں دی گئی ہے نہ ہی زمینداروں کو کوئی معاوضہ دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت وفاقی حکومت سے رجوع کرکے نقصانات کے ازالے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دے۔ صوبائی وزیر تعلیم سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں کی بحالی کا سلسلہ جاری ہے کچھی کینال کیلئے بھاری مشینری کی ترسیل کے سلسلے میں جلد موثر اقدامات کئے جائیں گے انہوں نے کہاکہ سیلاب سے متاثر ہ علاقوں میں سیکورٹی فورسز ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں پی ڈی ایم اے محدود وسائل میں ریلیف کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے این ڈی ایم اے بھی امدادی سرگرمیوں کا حصہ ہے انہوں نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا سروے کیا جارہا ہے سروے مکمل ہونے پر رپورٹ ایوان میں پیش کی جائیگی انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے زمینداروں کیلئے 15 ارب روپے کی سبسڈی کا اعلان کیا ہے ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ سروے مکمل ہونے پر اسمبلی کا اسپیشل اجلاس طلب کرکے ارکان اسمبلی کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے