اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹس معطل ہونے کا تحریری فیصلہ جاری
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹس معطل ہونے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار کو موقع دیا جاتا ہے 7 اکتوبر کو ٹرائل کا سامنا کرنے پیش ہوں، سات اکتوبر تک اسحاق ڈار کے وارنٹس پر عملدرآمد معطل رہے گا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فیئر ٹرائل اور قانونی پراسیس کا بنیادی حق ہر شہری کو حاصل ہے۔ اسحاق ڈار کے وارنٹس ان کی عدالت حاضری یقینی بنانے کیلئے ہی تھے، اسحاق ڈار کے وکیل نے بتایا وہ متعدد بیماریوں میں مبتلا ہیں، بتایا گیا کہ اسحاق ڈار کو ڈاکٹر نے ابھی بھی کہا اپنے رسک پر سفر کریں۔
یاد رہے گزشتہ روز احتساب عدالت اسلام آباد نے اسحاق ڈار کے 7 اکتوبر تک وارنٹ معطل کر دئیے تھے۔ جج محمد بشیر نے ریمارکس میں کہا تھا کہ اسحاق ڈار کو پاکستان آنے پر گرفتار نہ کیا جائے۔ اسحاق ڈار پاکستان واپس آ جائیں پھر وارنٹ منسوخی کو دیکھیں گے۔