پشتون ثقافت کی بنیادیں اجتماعیت، امن، اخوت، صلہ رحمی، بردباری اور مہمان نوازی کے اقدار میں پیوست ہیں،میر چنگیز خان جمالی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ پشتون ثقافت کی بنیادیں اجتماعیت، امن، اخوت، صلہ رحمی، بردباری اور مہمان نوازی کے اقدار میں پیوست ہیں جس طرح انسانی زندگی ایک زندہ ڈسپلن کا نام ہے اسی طرح ثقافت ایک مخصوص جغرافیہ میں معاشرتی زندگی کی مجموعی رنگارنگی اور خوبصورتی کا نام ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو پشتون یوم ثقافت کے موقع پر اپنے ایک مشترکہ پیغام میں کہی۔ انہوں نے پشتون یوم ثقافت کے موقع پر پوری پشتون قوم کو مبارک باددیتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنی شاندار اقدار، روایات، تہذیب اور تاریخ سے ہی اپنی قومی شناخت اور تشخص کو برقرار رکھتی ہیں ثقافت ایک تاریخی تسلسل ہے جسکے ذریعے ہمارا ماضی اور حال جڑا ہوا ہے جس کی بنیاد پر ہم اپنے مستقبل کا رخ متعین کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پشتون قوم بھائی چارہ، بردباری اور بشردوست کی مضبوط اور شاندار اقدار و روایات کا امین ہے ضروری ہے کہ پشتون کلچر کی تقریبات کے ذریعے اپنی مترقی سوچ اور شاندار اقدار کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کریں۔ انہوں نے کہاکہ ضروری ہے کہ ہم مختلف ثقافتوں اور زبانوں سے تعلق رکھنے کے باوجود امن، محبت اور یگانگت سے رہیں۔