سینیٹر سیف اللہ نیازی کے گھر پر چھاپہ استحقاق کی سنگین خلاف ورزی تھی،سینیٹر طاہر بزنجو

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) سینیٹ کمیٹی برائے رولز آف پروسیجر اینڈ استحقاق میں سینیٹر سیف اللہ نیازی کے گھر پر چھاپے اور خواتین کو ہراساں کرنے کیخلاف تحریک استحقاق پیش کی گئی۔ چیئرمین کمیٹی نے واقعے کو استحقاق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے چھاپے کی سخت مذمت کی ہے۔

سینیٹ کمیٹی برائے رولز آف پروسیجر اینڈ استحقاق کا اجلاس جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹر محمد طاہر بزنجو کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں سینیٹر زرقا سہروردی تیمور، سینیٹر عرفان الحق صدیقی، سینیٹر میاں رضا ربانی، سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی، سینیٹر سرفراز احمد بگٹی، سینیٹر سیف اللہ سرور خان نیازی، سینیٹر علی ظفر، متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے سینئر افسران جیسے وزارت قانون، وزارت پارلیمانی امور، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور اسلام آباد پولیس نے شرکت کی۔سینیٹر سیف اللہ سرور خان نیازی کی جانب سے ایف آئی اے اور اسلام آباد پولیس کے خلاف ان کے گھر پر چھاپہ مارنے اور ان کی اہلیہ و بیٹیوں کو ہراساں کرنے کیخلاف تحریک التواء پیش کی گئی، تحریک استحقاق پر کمیٹی نے غور کیا۔چیئرمین کمیٹی سینیٹر طاہر بزنجو نے اس فعل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پولیٹیکل وکٹمائزیشن کے اس چکر کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی عوامی نمائندے کے خلاف بدنیتی پر مبنی سرگرمی نہیں ہونی چاہئے، یہ استحقاق کی سنگین خلاف ورزی تھی۔ کمیٹی چیئرمین کے مؤقف سے تمام اراکین نے اتفاق کیا۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی جانب سے یہ معاملہ اٹھایا جانا اس کمیٹی کے استحقاق کی خلاف ورزی ہے، جس کا واحد مینڈیٹ متعلقہ مسائل کو حل کرنا ہے۔اراکین نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ معاملہ چیئرمین سینیٹ کے پاس لے جانا ہے جو سینیٹ 2012ء کے رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس کے رول 264 کے تحت دائرہ اختیار کا فیصلہ کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے