جہاں قانون کی حکمرانی نہ ہو وہ قومیں تباہ ہوجاتی ہیں،عمران خان
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حکمران نیب ترامیم کے ذریعے اپنے کیسزمعاف کرارہے ہیں۔اسلام آباد میں طالبات کنونشن سے خطاب میں سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نیب ترامیم کے ذریعے کیسزمعاف کرائے جارہے ہیں، پھر جیلیں کھول دیں ،غریبوں نے کیا بگاڑا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جب چور ملک پر بیٹھ کر جائیں تو ملک کیسے چل سکتا ہے، یہ وقت پاکستان کے لئے فیصلہ کن ہے، جو قومیں آزادی کے لیے کھڑی نہیں ہوتیں وہ تباہ ہوجاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ غلام قومیں کبھی اپنے پیروں پر کھڑی نہیں ہوسکتیں، وہ صرف اچھے غلام بن سکتے ہیں جبکہ ترقی صرف آزاد قومیں ہی کرتی ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ غریب ملکوں میں 80 فیصد خواتین کو بنیادی حقوق میئسر نہیں ہیں کیونکہ غریب ملکوں میں جو طاقتور ہے وہ اوپر ہے اور کمزور کو انصاف نہیں ملتا، جس قوم میں قانون کی حکمرانی نہیں وہ تباہ ہوجاتی ہے۔عمران خان نے کہا کہ انصاف آپ کو آزاد کرتا ہے، طاقتور سے قانون تحفظ دیتا ہے تو ہم آزاد ہوتے ہیں، جس انسانی معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا تو وہ جانوروں سے بھی نیچے چلا جاتا ہے۔