بلوچستان کے پانچ اضلاع کی141یونین کونسلز میں سات روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم26ستمبر بروز پیر سے شروع ہوگی،حمید اللہ ناصر
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ایمر جنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوارڈینٹرحمید اللہ ناصر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے پانچ اضلاع کی141یونین کونسلز میں سات روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم26ستمبر بروز پیر سے شروع ہوگی،کوئٹہ،پشین، چمن،قلعہ عبداللہ کے تمام اضلاع میں جبکہ ڑوب کی 8یونین کونسلز میں خصوصی انسداد پولیو مہم ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پولیومہم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر باقاعدہ پولیو مہم کا آغاز کر دیا۔اس موقع پر یونیسیف، ڈبلیو ایچ اوا ور بی ایم جی ایف کے نمائندے بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سات روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے8لاکھ 85ہزار کے قریب بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے جائیں گے، پولیو مہم کے دوران3 ہزار680کے قریب ٹیمیں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے پر مامور ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مہم کے دوران تمام عملے کو فول پروف سیکورٹی دی جائے گی،جس پربلوچستان لیویز، پولیس اور ایف سی کے جوان تعینا ت ہوں گے، پولیو وائرس ان بچوں کو اپنا نشانہ بناسکتا ہے جو پولیوسے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم رہ جاتے ہیں۔حمید اللہ ناصر نے کہا کہ بلوچستان میں جنوری سال 2021 سے اب تک پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا،بلوچستان کے ماحولیات میں اپریل 2021 سے اب تک پولیو وائرس نہیں ہے۔ ملک دیگر صوبوں کے اضلاع اور افغانستان میں پولیو وائرس کی موجودگی صوبہ بلوچستان کے لئے ایک چیلنج ہے۔انہوں نے تمام والدین سے اپیل کی کہ پولیو سے بچاؤ کی مہم کے دوران پولیو ورکرز سے بھرپور تعاون کریں، اپنے بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلائیں، پولیو کے خاتمے کیلئے ہونی والی مہمات کے باعث آج بلوچستا ن میں اس مرض پرممکنہ حد تک قابو پالیا گیا ہے جو کہ بڑی پیشرفت ہے،اس ضمن میں معاشرے کے تمام طبقات کا کردار ادا کرنا خوش آئند بات ہے۔جس سے اس مرض کے تدارک میں مد د مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں میں اس بارے میں شعور اجاگر کرنے میں دیگر طبقات کے ساتھ علماء کرام کا کردار نہایت ہی اہم ہے،جس کے باعث آج پولیو کے خلاف ہم منظم انداز میں مہم چلا کر اپنے بچوں کو محفوظ بنارہے ہیں۔پاکستان میں اب تک 19 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔