بلوچستان میں سیلاب اور بارشوں کے باعث چھتیں گرنے سے مزید 13افراد جاں بحق
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان میں سیلاب اور بارشوں کے باعث چھتیں گرنے سے مزید 13افراد کے جاں بحق جبکہ 2کے زخمی ہونے کی تصدیق اموات کی تعداد 323ہوگئی۔محکمہ پی ڈی ایم اے بلوچستان کی سیلاب سے ہونے والے جانی و نقصانات جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صوبے کے ضلع کچھی میں حالیہ بارشوں سے مزید 5خواتین، 4مردوں اور 3بچوں جبکہ بارکھان سے ایک شخص جاں بحق اور دو افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 323جبکہ زخمیوں کی تعداد 186ہوگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبے میں سیلاب سے تباہ ہونے والے مکانات کی تعداد 72ہزار 2سو 35ہے جن میں سے 20ہزار 27مکمل جبکہ 52ہزار 2سو 8جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق صوبے میں 3لاکھ 18ہزار 101مویشی کے ہلاک ہونے، 2لاکھ 9سو 39ایکڑ زرعی زمین متاثر ہونے، 2ہزار 198کلو میٹر سڑکیں اور 24پل تباہ ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ صوبے میں تقریبا 5لاکھ مویشی کے ہلاک اور 9لاکھ ایکڑ سے زرعی اراضی متاثر ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ضلع ڈیرہ بگٹی کے لئے 5ہزار مچھر دانیاں، 100جری کین، 100ہائی جین کٹ، 100واٹر کولر اور 5اسپرے مشین فراہم کردی گئی ہیں۔