ہوائی جہازوں کی فلائٹس میں اضافہ، مسافروں کے لئے سہولیات خوش آئند اقدام ہیں،شیخ جعفر مندوخیل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق کی جانب سے کوئٹہ سے فلائٹ آپریشن کی بہتری کے لئے فوری اقدامات پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب کے باعث بلوچستان کے عوام کو سفری سہولیات میسر نہیں ہیں ایسے میں ہوائی جہازوں کی فلائٹس میں اضافہ، کرایوں میں کمی اور مسافروں کے لئے سہولیات خوش آئند اقدام ہیں اس سے صوبے کے عوام کو ریلیف ملے گا۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد بلوچستان کا دیگر صوبوں سے زمینی اور ریلوے کا رابطہ بری طرح متاثر ہے ایسی صورتحال میں عوام فضائی سفر کو ترجیح دے رہے ہیں مگر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر شہروں سے فلائٹوں کی تعداد انتہائی کم اور کرایے زیادہ ہونے کے باعث عوام کو یہ سہولت بھی میسر نہیں آرہی تھی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کے دورہ کوئٹہ کے موقع پر انکے نوٹس میں تمام صورتحال لائی گئی تھی جس کے بعد انہوں نے اعلیٰ سطح اجلاس میں ہنگامی بنیادوں پر کوئٹہ سے اسلام آباد روزانہ دو، لاہور کی ہفتہ وار تین پروزایں بڑھا کر روزانہ ایک پروازکردی گئی ہیں اورکراچی کی پروزوں میں اضافہ کردیا ہے ساتھ ہی دیگر ملکی ائیرلائنز کو ہدایات جاری کی گئی ہے وہ بھی فلائٹ آپریشن بہتربنائیں۔شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ پی آئی اے سینئر ر سیٹیزن، سٹوڈنٹ اور خصوصی افراد کو دی گئی رعایت کو فروغ کریگی جبکہ خواجہ سعد رفیق کی جانب سے پی آئی اے کوئٹہ سے ایران اور عراق کے لئے پروازیں چلانے کی فیزیبیلیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ زائرین کو محفوظ اور آرام دہ سفر کی سہولتیں میسر آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر کے چھوٹے ائیر پورٹ فعال بنانے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے جس پر پورے بلوچستان کی عوام کی جانب سے خواجہ سعد رفیق کا شکر گزار ہوں