پی ڈی ایم سمیت دیگر سیاسی جماعتیں عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں،لالا یوسف خلجی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سمیت دیگر سیاسی جماعتیں عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے والے اربوں روپے کرپشن اور خوردبرد کی نظر ہوجاتے ہیں، صوبے میں ترقیاتی مد میں رکھے گئے اربوں روپے سیلاب اور بارشوں سے متاثرین کی دوبارہ بحالی پر خرچ کئے جائیں،بلوچستان کی موجودہ صورتحال پرجلد ہی بلوچستان امن جرگے کے زیراہتمام ملکی سطح پرآل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو بلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے قبائلی عمائدین کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔لالا یوسف خلجی نے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے بلوچستان کا تقریباً 85فیصد حصہ مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوچکاہے اور عوام کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچسان میں برسراقتدار اور اپویشں جماعتوں نے ترقیاتی بجٹ کے اربوں،کھربوں روپے کرپشن اورخوردبرد کرلئے جس کی وجہ سے صوبہ کھنڈرات کا منظرپیش کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ حالیہ بارشوں کے دوران ناقص میٹریل سے تعمیر ہونے والے اکثر ڈیمز ٹوٹ گئے جس کی وجہ سے لوگوں کی فصلات،باغات اورگھر بار پانی بہا کر لے گیا نیب اوردیگر ادارے صوبے میں ہونے والی کرپشن کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ اسوقت سیلاب اور بارشوں کے بعد ہر طرف تباہی ہی تباہی نظر آرہی ہیں لیکن پی ڈی ایم سمیت دیگر سیاسی جماعتیں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے کرسی کے چکرمیں لگی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو انکے بنیادی حقوق کی فراہمی اور بلوچستان میں ترقیاتی بجٹ کے نام پر ہونے والی کرپشن کے خاتمے کیلئے جلد ہی عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر جلد ہی بلوچستان امن جرگہ ملکی سطح پر آل پارٹیز کانفرنس بلائے گاجس میں پی ڈی ایم اور صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی پر غوروخوض اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔