وزیراعلیٰ بلوچستان اورجمعیت کے درمیان حکومت میں شمولیت کے حوالے طریقہ کار پر مشاورت جاری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے درمیان حکومت میں شمولیت کے حوالے طریقہ کار پر مشاورت جاری صوبائی وزراء کی حلف برداری کی تقریب ملتوی کردی گئی۔ جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے سینئر رہنماء نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جمعیت علماء اسلام اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے درمیان حکومت میں شمولیت کے حوالے سے قابل عمل طریقہ کارمرتب کرنے کے حوالے سے تاحال مشاورت اور مذاکرات کا عمل جاری ہے جسکی وجہ سے صوبائی کابینہ میں شمولیت کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی۔ انہوں نے بتایا کہ جمعیت علماء اسلام اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے درمیان کسی قسم کا ڈیڈ لاک نہیں ہے ہمارے گفت و شنید کا عمل جاری ہے جمعیت علماء اسلام کو جب وزیراعلیٰ نے حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دی تو پارٹی نے حکومت میں شمولیت کی حامی بھر ی تھی جس کے بعد وزیراعلیٰ اور ہمارے درمیان گفتگو کا عمل جاری ہے جمعیت علماء اسلام نے اپنی شرائط وزیراعلیٰ کو بتادی ہیں وزیراعلیٰ کے ساتھ حکومت میں شمولیت کے حوالے سے قابل عمل طریقہ کار کو طے کر رہے ہیں جس میں کچھ وقت درکار ہے جوں ہی قابل عمل مقام پر پہنچیں گے جمعیت علماء اسلام صوبائی حکومت میں شمولیت اختیار کر لے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جتنی بھی باتیں چل رہی ہیں ان میں سے بیشتر درست نہیں ہیں اصل شرائط کا علم صرف جمعیت علماء اسلام کی قیادت اور وزیراعلیٰ کو ہے جب معاملات طے ہو جائیں گے تو تمام چیزیں کھل کر سامنے آئیں گی۔دوسری جانب جمعیت علماء اسلام کے صوبائی وزراء کی حلف برداری کی آج متوقع تقریب کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔