بلوچستان کابینہ،پی ٹی آئی کی جگہ جے یو آئی کو وزارتیں ملنے کا امکان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کابینہ میں اگلے چند روز میں رد و بدل کا امکان ہے، جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کا صوبائی حکومت میں شمولیت کا جلد اعلان متوقع ہے۔جے یو آئی رہنما مولانا عبدالواسع کا کہنا ہے کہ بلوچستان حکومت میں شمولیت سے متعلق مشاورت ہو رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی کے 3 وزرا اور ایک مشیر کابینہ میں شامل ہوں گے۔
بلوچستان کابینہ میں اس وقت 13 وزیر اور 5 مشیر ہیں، کابینہ میں صرف ایک وزیر کی جگہ خالی ہے، کابینہ سے بی اے پی اور پی ٹی آئی کے ایک ایک وزیر کو الگ کرنے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ایک مشیر کو بھی کابینہ سے فارغ کیے جانے کا امکان ہے۔صوبائی وزیر زمرک خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ اے این پی کو کابینہ سے نکالنے کی بات افواہ ہے، ہماری جماعت اصولی موقف رکھتی ہے، وزیراعلیٰ نے ہم سے اس ضمن میں کوئی بات نہیں کی۔