عمران خان ابھی بھی کسی کے لاڈلے ہیں،مریم نواز

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان ابھی بھی کسی کے لاڈلے ہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ قدرت کا اصول ہے سچ سامنے آہی جاتا ہے، مجھے اللہ پر بھروسہ ہے اور انصاف کی توقع ہے، فیصلہ ہوگا تب وہ ساری باتیں کہوں گی جو ابھی تک نہیں کہی۔مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتی، ہمیں اس بہروپیے کی منافقت عوام کے سامنے لانے کی ضرورت ہے، عمران خان مسٹر ایکس اور وائے کہتے ہیں، ان میں خود ان کا نام لینے کی ہمت نہیں، عمران خان جن کو ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں، ان کا نام کیوں نہیں لیتے ؟ہے تو ثبوت لے آؤ یہ اے بی سی کیا ہوتا ہے۔

رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کبھی پارٹی کو بتایا کہ وہ کس کس سے خفیہ ملاقاتیں کرتے ہیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ جلسوں میں کسی کو للکاریں اور رات کے اندھیرے میں ان کے پاؤں پڑ جائیں۔ عمران خان نے رات کے اندھیرے میں جو ملاقات کی اس کا بھی اپنی جماعت کوبتائیں۔پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت سے متعلق مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں عدالتی حکومت ہے اسے ایک نہ ایک دن ختم ہونا ہے، یہ جتنی جلدی ختم ہوجائے اتنا بہتر ہے۔جاوید لطیف پر مقدمے سے متعلق مریم نواز نے کہا کہ پورے پاکستان میں صرف عمران خان کو یہ اجازت ہے کہ وہ جو چاہیں کفر بکیں، اول فول بکیں، ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں، اور اس پر اعتراض اٹھانے والے کو سزا ملتی ہے۔

عمران خان کے احتجاج کی کالہ سے متعلق مریم نواز نے کہا کہ لانگ مارچ ہم نے بھی کئے اور دیگر جماعتوں نے بھی کئے، جو انسان جتھے لے کر آجائے اور رات کے اندھیرے میں جنرل راحیل شریف سے ملاقات کے لئے ہنستا ہنستا چلا جائے، اداروں پرحملہ کرنا،پسند کی تقرری کے لیے انتشار کی طرف جانا کیا جمہوری شخص کا عمل ہے؟ میں اسے نہ جمہوری جماعت اور نا ہی جمہوری رویہ سمجھتی ہوں، رانا ثنا اللہ کے ڈر سے انقلاب نکلا ہی نہیں۔مریم نواز نے کہا کہ عمران خان ابھی بھی کسی کے لاڈلے ہیں، وہ جس کے لاڈلے ہیں وہ عمران خان کو لاڈلا نہیں سمجھتے بلکہ اپنے کام نکالنا چاہتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے