صوبے کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ ہے انہیں مواقع فراہم کئے جائیں، نوابزادہ لشکری رئیسانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ صوبے کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ ہے انہیں مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن اور ہیرو بن سکتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہاکی اسٹیڈیم میں وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ہونے والے ہاکی میچ کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، قبل ازیں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کا گراونڈ پہنچنے پر بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے استقبال کیا، اس موقع پر نوابزادہ لشکری رئیسانی نے گراونڈ کا دورہ اور وہاں موجودہ کھلاڑیوں سے ملاقات کی،صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ جہاں معاشرہ ڈپریشن کا شکار ہو وہاں زندگی کے تمام پہلو زوال کی طرف جاتے ہیں، سکوائش، ہاکی اور دیگر کھیلوں میں پاکستان کا دنیا میں نام ہوا کرتا تھا مگر اب کھیلوں میں آنے والے زوال کی وجہ سے ہمارے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر نہیں پہنچ پارہے جس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارا معاشرہ کہیں نہ کہیں زوال پذیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے نو سال قبل بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کی قیادت سنبھالی تو یہاں ہاکی کا کوئی اچھا گراونڈ نہیں تھا ہم نے دن رات ایک کرکے بین الاقوامی معیار کے مطابق شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہاکی اسٹیڈیم کے قیام کو یقینی بنایا ، ضرورت اس بات کی ہے کہ والدین اور اساتذہ بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی جانب بھی راغب کریں تاکہ ایک ایسے سماج کی تشکیل ہو جس کی پہچان دنیا میں ہمت اور جرات ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے