تعلیم کے شعبے میں ترکیہ اعلیٰ مقام رکھتا ہے ہم ان کے جدید علم، تحقیق اورتجربوں سے استفادہ کر سکتے ہیں ، میر جان محمد جمالی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی اور پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر محمد پاچاجی نے بروز منگل صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں واقع پاک ترک سکول اینڈ کالج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اس اہم تعلیمی ادارے کے مختلف حصے دیکھے، مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور سٹوڈنٹس سے تعلیمی ماحول اور درس و تدریس سے متعلق سوالات کیے بعدازاں انہوں نے اساتذہ سے تفصیلی ملاقات کی جس کے دوران اساتذہ نے تعلیمی ادارے کی کارکردگی اور درپیش مشکلات سے انھیں آگاہ کیا اس موقع پر قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں ترکیہ اعلیٰ مقام رکھتا ہے اور ہم ان کے جدید علم، تحقیق اور تجربوں سے استفادہ کر سکتے ہیں انہوں نے ملک کے سب سے پسماندہ صوبہ بلوچستان میں تعلیمی شعبے میں تعاون کرنے پر ترکیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے حالات کے پیشِ نظر برادر ملک ترکیہ کو اپنے تعاون میں توسیع کرنے اور خاص طور پر ہونہار اور ضرورت مند طلباء اور طالبات کو سکالرشپ دینے کی اشد ضرورت ہے. قائمقام گورنر بلوچستان نے اس موقع پر تجویز پیش کی کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ترکیہ لینگویج سینٹر قائم کیا جائے جس سے صوبے میں تجارت اور صنعت سے وابستہ افراد استفادہ کر سکیں تاکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ حاصل ہو. ترکیہ کے سفیر محمد پاچاجی نے کوئٹہ میں تعلیم شعبے کی پائیدار ترقی اور خاص طور پر دو طرفہ تعاون کے فروغ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ ترکیہ کی طرف سے موجود تعلیمی تعاون کو توسیع دینے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا. دونوں رہنماؤں نے عوامی سطح پر روابط و تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا.