تمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیا جانا معاشرتی انصاف کا تقاضہ ہے،آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) انسپکٹر جنرل پولیس عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس کے زیر انتظام خواتین، افراد باہم معذوری، ٹرانس جینڈر سمیت تمام طبقات کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور درپیش شکایات اور مشکلات کے ازالے کیلئے "ہیومن رائٹس سیل” کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے صنفی بنیادوں پر امتیازی رویوں کی مثبت تبدیلی سے ہی انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایف ڈی آئی پاکستان کی سربراہ عظمیٰ یعقوب سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں صنفی بنیادوں پر امتیازی رویوں کی تبدیلی اور تمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقعوں کی فراہمی کے لئے تربیتی پروگرامز کے انعقاد سمیت یکساں مساوات کے مختلف آئیڈیاز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اے آئی جی جینڈر و انفارمیشن ٹیکنالوجی ارسلہ سلیم بھی موجود تھیں۔آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے کہا کہ بلوچستان پولیس میں خواتین کی بھرتی کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے، افراد باہم معذوری کا کوٹہ مختص ہے جبکہ ٹرانس جینڈر کی بھرتی کے لئے پالیسی کا جائزہ لیا جاررہا ہے خود ساختہ روایات کو ختم کرکے تمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیا جانا معاشرتی انصاف کا تقاضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ملازمت پیشہ خواتین کو کام کے مقامات پر محفوظ و سازگار ماحول اور ضروری سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات ناگزیر ہیں الحمدللہ سنٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں ملازمت پیشہ خواتین کے لئے پہلا ڈے کئیر سنٹر قائم کردیا گیا ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ اس کا دائرہ کار بتدریج پورے بلوچستان میں بڑھایا جائے۔آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ صنفی مساوات کے لئے رویوں کی تبدیلی فراہمی انصاف کی جانب پہلا قدم ہے پولیس فورس کے افسران اور اہلکاروں کو جنیڈر سے متعلق آگاہی کے لئے تربیتی پروگرام کا انعقاد ایک خوشگوار تبدیلی ثابت ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے