وزیراعظم کی برطانوی بادشاہ چارلس سوئم سے ملاقات،ملکہ کےانتقال پراظہار افسوس
لندن (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہباز شریف نے بکنگھم پیلس میں برطانوی بادشاہ سے ملاقات کی اور ملکہ الزبتھ کے انتقال پر تعزیت کی۔برطانیہ کے دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم سے بکنگھم پیلس میں ملاقات کی اور ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے ملکہ برطانیہ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور شاہ چارلس کو تخت نشینی پر مبارک باد بھی دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکہ برطانیہ کے پاکستان کے دو دوروں کی یادیں پاکستان عوام کے دلوں میں نقش ہیں۔ شاہی خاندان اور پاکستانی قوم کے درمیان محبت کا رشتہ وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔انہوں نے شاہ چارلس کو پاکستان کے دورے کے دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے بادشاہ چارلس پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اپنی والدہ کی طرح بھر پور کردار ادا کریں گے۔