لینڈ ریونیو مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے نفاذ کے بعد فرد جائیداد کمپیوٹرائزڈ جاری ہوں گے جس میں جعل سازی کی گنجائش نہیں ہوگی،ڈاکٹر ربابہ بلیدی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پارلیمانی سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں لینڈ ریونیو مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے نفاذ کا مسودہ قانون کابینہ کی منظوری کے بعد اسمبلی میں پیش کردیا گیا ہے اس پروجیکٹ کے تحت مرحلہ وار بلوچستان کا تمام ریونیو ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا جائیگا پہلے مرحلے میں یہ منصوبہ کوئٹہ، گوادر، جعفرآباد اور پشین میں متعارف کرایا جارہا ہے جس کی کامیابی پر اس کا دائرہ کار پورے صوبے میں وسیع کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں لینڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ڈپٹی ڈائریکٹر اشفاق اسلم، بشیر احمد اور اسٹاف افسر ٹومنسٹر ریونیو جہانزیب خان پانیزئی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی قانون و پارلیمانی امور کو ریونیو ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن سے متعلق بریفننگ دی گئی۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان سے قبل پنجاب اور دیگر صوبوں میں لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا منصوبہ کامیابی سے چل رہا ہے عدالت عظمیٰ پاکستان نے بھی شفاف ریونیو ریکارڈ کی تشکیل کے احکامات جاری کئے ہوئے ہیں ابتدائی طور پر بلوچستان کے چار اضلاع میں اس جدید سسٹم کا نفاذ کیا جارہا ہے نفاذ کے بعد اس میں پائی جانے والی کسی بھی قسم کی سقم یا کمی بیشی سامنے آجائے گی جس میں بہتری کرکے دوسرے مرحلے میں اس کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا اس منصوبے کے تحت اراضیات کا ریکارڈ صرف پٹواری کے بستے تک نہیں بلکہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر صارف کی دسترس میں ہوگا اور متعلقہ فرد اپنی اراضی و پراپرٹی کا ریکارڈ باآسانی چیک کرسکتا ہے انہوں نے کہا کہ لینڈ ریونیو مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے نفاذ کے بعد فرد جائیداد کمپیوٹرائزڈ جاری ہوں گے جس میں جعل سازی کی گنجائش نہیں ہوگی اور آن لائن فرد ملکیت جائیداد کی تصدیق ممکن ہو سکے گی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ ریونیو سے متعلق امور میں سائلین کو ون ونڈو آپریشن کے تحت ایک ہی چھت تلے تمام سروسز میسر ہونگی اور صدیوں پرانے مینوئل ریکارڈ کی جگہ بتدریج ڈیجیٹلائزیشن سسٹم لے لیگا جس میں زیادہ ٹرانسپرنسی ہوگی اور لوگوں کو سہولیات فراہم ہونگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے