وزیراعلیٰ سندھ سے احسن اقبال کی ملاقات، سیلابی صورتحال، امدادی کاموں پر گفتگو
کراچی(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے ملاقات کی، ملاقات میں سیلاب کی صورتحال، پانی کی نکاسی اور امدادی کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں دوران ملاقات احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سے رابطے میں رہیں، فوری ضروری سامان مہیا کرنے کیلئے وفاقی حکومت ہر ممکن مدد کرے گی، وزیراعظم موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے تمام صوبوں سے ملکر مشاورت کرینگے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ اسوقت 15 لاکھ خیموں کی ضرورت ہے، برعکس اڑھائی لاکھ خیمے مہیا کئے ہیں، کیمپوں میں بچے سمیت دیگر بیمار ہونے لگے ہیں جن کی طبی امداد کی جا رہی ہے، اسوقت روڈ اور ریل نیٹ ورک کی بحالی کی ضرورت ہے تاکہ اشیا ضرورت کی رسد ہوسکے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ابھی 11 اضلاع کا دورہ کر کے آیا ہوں، لوگ مشکل میں ہیں، متاثرین کے مسائل حل کرنےکیلئے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا، ہمیں نکاسی آب کے بعد لوگوں کو واپس بھیجنے کے بعد بھی خیموں کی ضرورت پڑے گی، جب تک لوگوں کے مکانات نہیں بنتے تب تک لوگوں کو ان کے گھروں کے نزدیک رکھنا ہوگا،
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں آبپاشی نظام، زرعی زمینوں کی بحالی اور نکاسی آب کی تعمیر نو کرنا ہوگی، امدادی کاموں کے ساتھ ابھی نئی منصوبہ بندی بھی کرنی ہوگی، ماہرین کے ساتھ ملکر یہ تعین کیا جائے گا کہ کیا اگلے سال بھی موسمی تبدیلی اثر ہوگا؟۔