فوری انتخابات تحریک انصاف کی نہیں بلکہ ملک کی ضرورت ہے،عمران خان
لاہور (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فوری انتخابات تحریک انصاف کی نہیں بلکہ ملک کی ضرورت ہے، پُرامن انتخابات کے ذریعے انقلاب کا راستہ فراہم کیا جائے۔چئیرمین تحریک انصاف کی پنجاب کابینہ کے اراکین سے ملاقات ہوئی، جس میں عمران خان نے کابینہ ارکان کو پنجاب کے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں کامیابی تحریک انصاف پر عوامی اعتماد کا اظہار ہے، پرویز الہٰی ایک عملی سیاستدان ہیں، ہم نے بھرپور ساتھ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوام تحریک انصاف سے حقیقی آزادی کے ایجنڈے کی تکمیل توقع کر رہے ہیں، پنجاب کی کابینہ اور پارلیمانی پارٹی حقیقی آزادی کے موقف پر عوام کے ساتھ کھڑی رہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام ہمارے ساتھ ہے ہمیں جلد انتخابات کی جانب بڑھنا ہے، فوری الیکشن تحریک انصاف کی ضرورت نہیں ملک کی ضرورت ہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ انقلاب ہماری دہلیز پر دستک دے رہاہے، پرامن انتخاب کے ذریعے رستہ فراہم کیا جائے۔