جمہوریت کمزور ہوئی، وجہ سیاستدانوں کی مفاد پرستی ہے، غلطیوں کی طرف دیکھنا ہو گا،مولانا فضل الرحمان

کراچی(ڈیلی گرین گوادر) پی ڈی ایم کے سربراہ اور امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 80 کی دہائی سے جمہوریت کی بحالی کیلئے کوشاں ہیں، ضیاالحق کے مارشل لا کے دور سے ہم جمہوریت کی جنگ لڑرہے ہیں۔انہوں نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت مسلسل کمزور ہوتی چلی گئی ہے ہے، وجہ سیاستدانوں کی مفاد پرستی ہے، سیاستدانوں کو اپنی غلطیوں کی طرف دیکھنا ہو گا، سیاستدانوں کو آئین اور قانون کی بالادستی کیلیے کردار ادا کرنا ہو گا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا امن و معاشی خوشحالی کسی بھی ریاست کے استحکام کیلئے لازم ہے، ہم نے جمہوریت کے حق میں اور آمریت کے خلاف جنگ لڑی، آج پاکستان میں سب سے بڑا حکمران اتحاد قائم ہے، خارجہ پالیسی ہمیشہ ملک اور اس کے مفادات کے مطابق بنائی جاتی ہے۔

امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے آنے والی نسلوں کیلئے کام کرنا ہے، آئین کی روشنی میں اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کریں گے، پاکستان کا آئین چار ستونوں پر کھڑا ہے، مملکت کے نظام میں عوام کی شراکت آئین میں ہے، آئین سازی منتخب عوامی نمائندے کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں اپنی غلطیوں کی طرف بھی دیکھنا ہوگا، ہم غلط پالیسیاں بناتے ہیں تو پھر سزا ملتی ہے، خوشحال معیشت کو امن کی ضرورت ہے، سیاستدانوں کو آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا، انسانوں کے تحفظ کے لیے قانون بنائے جاتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے