پیناڈول کی قلت پر محکمہ صحت پنجاب کی وفاق کو قیمتیں بڑھانے کی تجویز
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)پیناڈول کی قلت سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت پنجاب نے وفاق کو قیمتیں بڑھانے کی تجویز دے دی۔محکمہ صحت پنجاب نے وفاقی حکومت کو پیناڈول کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی تجویز دے دی۔ وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پیناڈول کی فی گولی 90 پیسے قیمت بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پیناڈول تیار کرنے والی کمپنیوں کو ریٹ کم ہونے پر اعتراض ہے۔ڈالر کی اونچی اڑان کے باعث مینوفیکچررز متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ مینوفیکچررز کا اعتراض ہے کہ ایک روپے 70پیسے میں فی گولی بیچنا سود مند نہیں۔امید ہے وفاقی حکومت کے جلد کمپنیز کے ساتھ معاملات طے پا جائیں گے۔
پاکستان فارموسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین منصور دلاور نے کہا ہے کہ پیناڈول کی تیاری میں استعمال ہونے والے سالٹ کی درآمد کی قیمت میں بہت اضافہ ہوا۔ جو سالٹ 600 روپے فی کلو پر فراہم ہوتا تھا اب وہ 2400 روپے فی کلو پر فراہم ہوتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ملک میں سالانہ بنیادوں پر 45 کروڑ گولیوں کی پیداوار کی جاتی ہے جو کمپنی بنا رہی تھی اس کی جانب سے قیمت بڑھانے کی درخواست کے باوجود حکومت نے قیمت نہیں بڑھائی جس سے کمپنی کو نقصان ہوتا رہا ہے۔واضح رہے کہ ملک میں ڈینگی کے کیسز بڑھنے کے بعد مختلف شہروں میں بخار کی دوا پیناڈول کی عدم دستیابی کی شکایات سامنے آئی ہیں۔