وی سی گومل یونیورسٹی کا علی امین کے خلاف مقدمے کے لئے ایف آئی اے کو خط
ڈیرہ اسماعیل خان(ڈیلی گرین گوادر) گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے سابق وفاقی وزیرعلی امین کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کے لئے ایف آئی اے پشاور کو خط لکھ دیا۔
وائس چانسلر نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور نے واٹس ایپ پیغامات کے ذریعے مجھے دھمکیاں دیں، مین اسٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے توہین آمیز ریمارکس دیئے۔شیخ الجامعہ نے کہا کہ جھوٹی الزام تراشی اور میرے خلاف عوام کو اکسانے، طلبہ کو اشتعال دلانے اور ہتک آمیز زبان استعمال کرکے کار سرکار میں مداخلت کرنے کے جرم میں علی امین کیخلاف سائبر کرائم ایکٹ 2016 کے تحت مقدمات درج کئے جائیں۔
علی امین نے وی سی گومل یونیورسٹی ڈاکٹر افتخار احمد کو سنگین دھمکیاں دی ہیں، جس کی آڈیو ثبوت بھی منظر عام پر آگئے۔علی امین نے ڈاکٹر افتخار احمد کو کہا کہ فوری مستعفی ہوں ورنہ میں طلباء کے ساتھ آگیا تو مسئلہ بنا دونگا، میں کسی سے نہیں ڈرتا نہ گورنرسے اور نہ ہی وزیراعظم سے۔ وائس چانسلر نے گورنر خیبرپختونخوا اور چانسلر گومل یونیورسٹی کو خط لکھ کر معاملے سے آگاہ کردیا اور خط کی کاپی وزیراعظم پاکستان اور چیئرمین ایچ ای سی کو بھی ارسال کردی۔