نوجوان سیاست کے ساتھ ساتھ تعلیم کے حصول پربھی اپنی توجہ مرکوزرکھیں، روزی خان کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری لالا روزی خان کاکڑ اور سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پیپلز ایس ایف کے جوان پارٹی کے بازو ہیں جنہیں کل پارٹی کی باگ ڈور سنبھالنی ہے نوجوان سیاست کے ساتھ ساتھ تعلیم کے حصول پر بھی اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹریٹ میں پاکستان پیپلز ایس ایف کے صوبائی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں پیپلز ایس ایف بلوچستان کے صدر جہانگیر بلوچ، صوبائی جنرل سیکرٹری عبداللہ درانی، نائب صدر قیصر بلوچ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری مصور خان کاکڑ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری فہد بلوچ، فنانس سیکرٹری عمران لانگو، رابطہ سیکرٹری حاجی امین، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات بشیر احمد لانگو،ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری اسرار شاہوانی، بلوچستان یونیورسٹی کے صدر اسد خان استوریانی اور لاء کالج کے صدر صابر بلوچ،پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے سینئر نائب صدر و پی ایس ایف کے مصالحتی کمیٹی ممبر سید ایوب آغا، صوبائی فنانس سیکرٹری ملک حمید کاکڑ، رابطہ سیکرٹری حاجی ربانی خلجی، سیکرٹری ریکارڈ اینڈ ایونٹ در محمد ہزارہ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام محی الدین رند، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری حاجی قاسم اچکزئی، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری ملک ذیشان حسین، میڈیا کوآرڈینیٹر حیات خان اچکزئی اوردیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں ایجنڈے کے مطابق سیلابی صورتحال میں پیپلز ایس ایف بلوچستان کے کردار، تنظیمی کارکردگی رپورٹ اور کوئٹہ،لسبیلہ کے متوقع بلدیاتی اور ملک کے جنرل الیکشن میں پیپلز ایس ایف کا کردار کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کہ پیپلز ایس ایف بلوچستان مشکلات کے باوجود کارکردگی دکھا رہی ہے جس میں مزید بہتری کی گنجائش ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز ایس ایف پارٹی کا جوان بازو ہے جو آگے جاکر قوم کی رہنمائی اور قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالے گا ہم خود بھی پیپلز ایس ایف سے ہوکرآج اس منصب پر بیٹھے ہوئے ہیں کل پارٹی کی باگ دوڑ آپ دوستوں نے ہی سنبھالنی ہے۔انہوں نے پیپلز ایس بلوچستان کے عہدیداروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹیاں اور کالجز سیاست کی نرسریاں ہوتی ہیں۔ طلباء یہاں سے سیاست اور عوامی حقوق کا شعور لے کر قوم کی رہنمائی کے فرائض سرانجام دیتے ہیں اوراس مقصد کے حصول کیلئے اولین ضرورت تنظیم ہوتی ہے خوش قسمتی سے آپ دوستوں کو پیپلز ایس ایف جیسے ترقی پسند اور جمہوری تنظیم کا پلیٹ فارم میسر ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایف بلوچستان اورملکی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ابھی سے اپنی صفوں کو درست کریں جہاں کمزوریاں اور خامیاں موجودہیں انہں درست کریں اور صوبے کی تمام یونیورسٹیوں، کالجز اور اضلاع میں تنظیمیں قائم کرنے کی اپنی ذمہ داریاں جلد پوری کرے۔اجلاس سے پیپلز ایس ایف بلوچستان کے صوبائی صدر جہانگیر بلوچ نے صوبائی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی قیادت کی رہنمائی میں جو بھی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں پیپلز ایس ایف بلوچستان کی ذمہ داری ہے کہ ان اہداف کو پورا کرنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔