فلائٹ آپریشن کی بہتری کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، وفاقی وزیر سعد رفیق

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر ہوا بازی و ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کو ترجیح دے رہی ہے، کوئٹہ سے فلائٹ آپریشن کو بہتر بنانے، کرایوں میں کمی، پروازوں کی تعداد میں اضافے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل کی جانب سے کوئٹہ سے اندرون ملک جانے والی پروازوں کی کمی، کرایوں میں اضافے کے حوالے سے عوامی مسائل کی نشاندہی کے بعد مسائل کے حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماء شیخ جعفر خان مندوخیل نے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کو بتایا کہ کوئٹہ سے اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے لئے انتہائی کم فلائٹس جاتی ہیں، پروازوں کی کمی کے باعث کرایوں میں بھی ہوش ربا اضافہ ہورہا ہے جسکی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے کاروباری و حکومتی شخصیات،مریضوں کو دیگر شہریوں کے لئے سفر کرنے میں دقت پیش آتی ہے دو روز قبل کرائے دو گنے ہو جاتے ہیں جبکہ اندرون ملک جانے والی پروازوں کی تعداد انتہائی کم ہے انہیں بڑھانے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر امور ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے یقین دہانی کروائی کی کوئٹہ ایئر پورٹ سے اندرون ملک پروازوں کی تعداد میں اضافے، کرایوں میں کمی،فلائٹ آپریشن کی بہتری کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی بہتری اور خوشحالی کو ترجیح دے رہی ہے صوبے کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے