حکومت طلباء وطالبات کوتعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف ہنرسکھانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، نصیب اللہ مری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیرتعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت طلباء و طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف ہنر سکھانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ تعلیم حاصل کرنے کے بعدکسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی بجائے اپنے کیلئے روزگار پیداکرسکیں،کوئٹہ میں طالبات کیلئے گرلز کیڈٹ کالج قائم کیا جارہا ہے جبکہ ہماری کوشش ہے کہ پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ قائم کئے جائیں۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ فار وومن کوئٹہ میں طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب سے ڈائریکٹر کالجز انجینئرمحمد رفیق غلزئی، پرنسپل انجینئر عارفہ علی نے بھی خطاب کیا۔پرنسپل انجینئر عارفہ علی نے کہا کہ گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ فار وومن کوئٹہ میں طالبات کو مختلف ہنر سکھائے جاتے تاکہ وہ اپنے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرسکیں اور ادارے سے فارغ التحصیل طالبات مختلف اداروں میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ میں طالبات کو مختلف قسم کے شارٹ کورسز کرائے جاتے ہیں حکومت گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ فار وومن کو بی ایس کا درجہ دینے کیلئے اقدامات کرے۔ ڈائریکٹر کالجز انجینئرمحمد رفیق غلزئی نے کہا کہ گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ فاروومن کوئٹہ میں صوبے میں طالبات کو ہنر سکھانے کا واحد ادارہ ہے جس میں طالبات ہنر سیکھنے کے بعداپنے اہل خانہ کیلئے روزگار پیداکرسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ طالبات میں بہتر کارکردگی کامظاہرہ کرنے والی طالبات میں حکومت بلوچستان کی جانب سے آج لیپ ٹاپ تقسیم کئے جارہے ہیں جو طالبات تعلیم کے حصول کیلئے ہتھیار کے طور پر استعمال کرسکیں گی۔صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں واحد گرلز کیڈٹ کالج جلد کوئٹہ میں کام شروع کردے گا جس کے قیام سے طالبات کو تعلیم کے بہتر موقع مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ تعلیمی اداروں اوراساتذہ کے تمام جائز مسائل حل کئے جائیں اساتذہ کو بھی چاہئے کہ وہ طلباء و طالبات کو تعلیم کے زیورسے آراستہ کرنے کیلئے اپناکردارادا کریں۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ فار وومن کوئٹہ کیلئے 2بسیں فراہم کی جائیں گی اور کالج کی طالبات اور اساتذہ کو لانے کیلئے بسوں کے فیول میں بھی اضافہ کیا جائے گا اور انسٹی ٹیوٹ میں اساتذہ کیلئے کوارٹر بنائے جائیں گے اورطالبات کیلئے قائم ہاسٹلز میں سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تعلیم اداروں پرخصوصی توجہ ہے اور جلد ہی صوبے کے ہر ضلع میں گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ کی برانچز قائم کی جائیں گی۔صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنے والی طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے اور انسٹی ٹیوٹ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے