چہلم حضرت امام حسین، ایمر جنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اضافی نفری کو اسٹینڈ بائی رکھا جائے،میر ضیاء لانگو

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہاہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں چہلم حضرت امام حسین کے عزاداری جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات کیلئے دستیاب وسائل اورجدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں جبکہ سینئر افسران خود فیلڈ میں نکل کرحساس جلوسوں اور مجالس کے سیکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کریں۔ مشیر داخلہ نے ہدایت کی کہ مرکزی و حساس مجالس اور جلوسوں کے راستوں میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز کو لازمی تعینات کیا جائے جبکہ خواتین کی مجالس اور جلوسوں میں لیڈی کانسٹیلز سکیورٹی اور چیکنگ کے فرائض سر انجام دیں گی۔ مشیر داخلہ نے کہاکہ سنٹرل پولیس آفس کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی ایس او پیز پر من و عن عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے، عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی انتظامات کیلئے علمائے اکرام، امن کمیٹیوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے کلوز کواڈی نیشن رکھی جائے۔ مشیر داخلہ نے ہدایت کی کہ جلوس روٹس پر متبادل راستوں سے ٹریفک کی ہموار روانی کو برقرار رکھنے کیلئے وارڈنز اور اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔ مشیر داخلہ نے ہدایات دی کہ سکیورٹی پر مامور سٹاف عزاداروں اور زائرین کے ساتھ شائستگی کے ساتھ پیش آئیں۔ مشیر داخلہ نے ہدایت کی کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی کیمروں کی مدد سے چہلم کے مرکزی جلوس اور عرس تقریبات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے اور ایمر جنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اضافی نفری کو اسٹینڈ بائی رکھا جائے۔ یہ ہدایات مشیر داخلہ نے چہلم حضرت امام حسین ؓ کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے جاری کیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے